پولیس کی جانب سے میدھا پاٹکر کو روکنا ٹھیک نہیں، عوامی تحریک کانفرنس سے خطاب
حیدرآباد 4 مارچ (سیاست نیوز) اے آئی سی سی قائد میناکشی نٹراجن نے کہاکہ ملک میں کارپوریٹ اداروں کا راج چل رہا ہے اور مرکزی حکومت کو عوام سے زیادہ کارپوریٹ اداروں کے مفادات کی تکمیل کی فکر لاحق ہے۔ میناکشی نٹراجن حیدرآباد میں نیشنل الائنس آف پیپلز موؤمنٹ کے سالانہ کنونشن سے خطاب کررہی تھیں جس کا موضوع ’’جمہوریت کا تحفظ‘‘ تھا۔ جہدکار میدھا پاٹکر، پروفیسر کودنڈہ رام اور کئی جہدکاروں نے اِس پروگرام میں حصہ لیا۔ میناکشی نٹراجن نے کہاکہ مرکزی حکومت نے غریب اور متوسط طبقات پر ٹیکس کا بھاری بوجھ عائد کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ غریب اور متوسط طبقات کی زندگی کو دوبھر کردیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مرکزی حکومت سماج کے ہر طبقہ کی بھلائی اور ترقی میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ سماج کے ہر شعبہ اور طبقہ کی ترقی اور بھلائی کا خیال کرے۔ اُنھوں نے کہاکہ جمہوریت میں عوام کو اپنے حقوق کے بارے میں حکومت سے سوال کرنے کا حق حاصل ہے، اس کے لئے حکام سے علیحدہ اجازت حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ نمائش میدان پر منعقدہ اِس کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے میناکشی نٹراجن نے میدھا پاٹکر کو موسی ریور پراجکٹ کے متاثرین سے ملاقات کرنے سے پولیس کی جانب سے رکاوٹ پیدا کرنے پر ناراضگی جتائی۔ اُنھوں نے کہاکہ پولیس کی جانب سے میدھا پاٹکر کو روکنا ٹھیک نہیں ہے۔ جمہوریت میں عوام سے بات چیت کرنے کا ہر ایک کو حق حاصل ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ عوامی تحریکات میں اُنھوں نے میدھا پاٹکر جیسے جہدکاروں سے سیکھا ہے۔ میناکشی نٹراجن نے کہاکہ جمہوریت ہر کسی کو اپنے حق کے لئے سوال کرنے کا اختیار فراہم کرتی ہے۔ مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے میناکشی نٹراجن نے کہاکہ نریندر مودی حکومت عوامی حقوق کے تحفظ کے بجائے اُنھیں سلب کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ 1