چیف آف ڈیفنس اسٹاف کی اہلیہ مدھولیکا بھی جملہ 13 مہلوکین میں شامل، حادثہ کی تحقیقات کا حکم
کونور؍ چینائی : ہندوستانی فضائیہ کا ایک ہیلی کاپٹر جس میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت سوار تھے، چہارشنبہ کو ٹاملناڈو کے کونور کے قریب حادثہ کا شکار ہوگیا۔ پہاڑی ضلع نیلگری میں کونور کے پاس پیش آئے حادثہ کے 13 مہلوکین میں فوج کے 4سینئر افسران شامل ہیں۔ ہیلی کاپٹر میں ہندوستان کے پہلے سی ڈی ایس 63 سالہ جنرل راوت اور ان کی شریک حیات مدھولیکا راوت کے بشمول 14 افراد سوار تھے۔ چیف منسٹر ٹاملناڈو ایم کے اسٹالن نے حادثہ پر صدمہ کا اظہار کیا اور بتایا گیا ہیلی کاپٹر میں جملہ 14 افراد سوار تھے۔ انہوں نے حادثہ کے مقام کا معائنہ کرنے کیلئے روانگی کا اشارہ بھی دیا۔ ہیلی کاپٹر نے کوئمبتور کے قریب سے 11.48 بجے دن اڑان بھری تھی اور وہ تقریباً 45 منٹ بعد ویلنگٹن میں ڈی ایس ایس سی پر لینڈنگ کرنے والا تھا۔ تاہم، دوپہر 12:22 بجے ہیلی کاپٹر کراش ہوگیا۔ جنرل راوت قبل ازیں دہلی سے آئی اے ایف اسٹیشن کو ذریعہ طیارہ 11:34 بجے دن پہنچے تھے۔ فضائیہ نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ فضائیہ کا Mi1-7VH ہیلی کاپٹر کونور کے پاس حادثہ کا شکار ہوا۔ بتایا گیا کہ یہ حادثہ دھند کے حالات میں حدبصارت کم ہوجانے کے سبب پیش آیا۔ حادثے کی جانچ کے احکامات دے دیئے گئے ہیں۔دفاع کے ذرائع نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر میں جملہ 14افراد سوار تھے ۔ ہیلی کاپٹر سولور سے ویلنگٹن کی جانب پرواز کررہا تھاتبھی اچانک اس میں آگ لگ گئی۔ حادثہ کا شکار ہیلی کاپٹر کے ملبے سے اب تک چار نعشیں برآمد کی جاچکی ہیں۔ تمام نعشیں بری طرح جلی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے ان کی شناخت کرنا ممکن نہیں ہے۔ اس حادثہ میں سنگین طور پر زخمی اور جھلسے ہوئے 3 افسران کو ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا ہے۔ ہیلی کاپٹر میں سوار بقیہ 7 افراد کے بارے میں ابھی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔ حادثہ کے مقام پر راحت رسانی اور بچاؤ کا کام جاری ہے ۔ٹاملناڈو کے ہیلتھ سکریٹری ڈاکٹر جے رادھا کرشنن نے کہا کہ حادثے میں زخمی اور جھلسے ہوئے لوگوں کو طبی سہولت فراہم کرنے کیلئے خصوصی طبی ٹیم بھیجی گئی ہے۔ ٹی وی پر جو تصاویر اور ویڈیو دکھائے گئے اس میں ہیلی کاپٹر شعلہ پوش نظر آیا جو عین ممکن ہے کراش ہوجانے کا اثر ہے۔ یہ ہیلی کاپٹر آبادی سے کچھ فاصلہ پر گرا ورنہ مزید جانی نقصان ہوسکتا تھا۔
ہیلی کاپٹر حادثہ : جنرل راوت کے
علاوہ دیگر مہلوکین کی شناخت
کونور ؍ نئی دہلی : فضائیہ کے ہیلی کاپٹر کے آج ٹاملناڈو میں پیش آئے حادثہ میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت اور ان کی اہلیہ مدھولیکا راوت کے علاوہ جن 11 افراد کی موت ہوئی وہ تمام مسلح افواج سے تعلق رکھتے تھے۔ ان کی شناخت بریگیڈیئر ایل ایس لڈر، لیفٹننٹ کرنل ہرجندر سنگھ، ونگ کمانڈر پی ایس پی ایس چوہان، اسکوائڈرن لیڈر کے سنگھ، نائیک گرسیوک سنگھ، نائیک جتیندر کمار، لانس نائیک ویویک، لانس نائیک بی ایس تیجا، حوالدار ست پال، جے ڈبلیو او ڈاس اور جے ڈبلیو او پردیپ کی حیثیت سے ہوئی ہے۔ نعشیں نئی دہلی کو منتقل کی جائیں گی۔
جنرل راوت کی موت پر رنج کا
ماحول ، قوم کا اظہارتعزیت
نئی دہلی : صدرجمہوریہ رامناتھ کووند، نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو، وزیراعظم نریندر مودی اور مختلف سیاسی پارٹیوں کے قائدین نے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کی آج ہیلی کاپٹر حادثہ میں موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ جنرل راوت، ان کی اہلیہ اور 11 دیگر فوجی اہلکار ٹاملناڈو میں پیش آئے حادثہ میں ہلاک ہوگئے۔ وزیردفاع راجناتھ سنگھ، وزیرداخلہ امیت شاہ، کانگریس لیڈر راہول گاندھی تعزیت کا اظہار کرنے والوں میں شامل ہیں۔ پاکستان کے بشمول بیرون ملک سے بھی رنج کا اظہار کیا گیا ہے۔ وزیراعظم کی قیادت میں سی سی ایس میٹنگ کو حادثہ سے واقف کرایا گیا۔