جوبلی ہلز سے بنڈارو دتاتریہ کی دختر وجئے لکشمی بی جے پی کی متوقع امیدوار

   

حیدرآباد۔ 7 ستمبر (سیاست نیوز) جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ پر بی جے پی نے توجہ مرکوز کرتے ہوئے سابق گورنر ہریانہ بنڈارو دتاتریہ کی دختر وجئے لکشمی کو امیدوار بنانے کی تیاری کرلی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق بی آر ایس کی جانب سے آنجہانی ایم گوپی ناتھ کی بیوہ کو ٹکٹ دیئے جانے کے امکانات کے دوران بی جے پی نے خاتون امیدوار کے ذریعہ حلقہ میں موجود یادو طبقہ کی تائید حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بنڈارو دتاتریہ نے نئی دہلی میں بی جے پی اعلیٰ کمان سے ملاقات کرتے ہوئے جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ میں بی جے پی کے امکانات پر تفصیلات سے واقف کرایا۔ بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے جوبلی ہلز میں مسلم اقلیت کے بعد یادو طبقہ کی آبادی سے واقف کرایا اور اس طبقہ کی تائید حاصل کرنے کے لئے اپنی دختر وجئے لکشمی کو امیدوار بنانے کی سفارش کی ہے۔ بنڈارو دتاتریہ کا تعلق یادو طبقہ سے ہے اور ایک خاتون کو پارٹی امیدوار بناتے ہوئے بی جے پی اس طبقہ کی تائید بہ آسانی حاصل کرسکتی ہے۔ تلنگانہ میں بی آر ایس کے داخلی اختلافات کے نتیجہ میں بی جے پی کو جوبلی ہلز سے بہتر نتیجہ کی امید ہے۔ بتایا جاتا ہیکہ بی جے پی ہائی کمان نے جوبلی ہلز میں بنڈارودتاتریہ کے دختر وجئے لکشمی کو ٹکٹ دینے کی صورت میں پارٹی کے امکانات پر سروے کا اہتمام کیا ہے۔ سروے رپورٹ کی بنیاد پر وجئے لکشمی کے امیدواری کا فیصلہ کیا جائے گا۔ بی جے پی اگر وجئے لکشمی کو امیدوار بناتی ہے تو حلقہ میں دو خاتون امیدواروں کے درمیان دلچسپ مقابلہ کا امکان ہے۔ بی جے پی تلنگانہ میں اپنا موقف مستحکم کرنے کے لئے جوبلی ہلز میں بہرصورت کامیابی کی حکمت عملی تیار کررہی ہے۔ ضمنی چناؤ میں کامیابی کا گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات پر اثر پڑے گا اور پارٹی حیدرآباد کے میئر کے عہدے پر قبضہ کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔ 2029 کے اسمبلی انتخابات میں بھی بی جے پی کو جوبلی ہلز اور جی ایچ ایم سی کامیابی سے فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ پارٹی نے بی آر ایس اور کانگریس کے مقابلہ مضبوط خاتون امیدوار کو میدان میں اتارنے کی تیاری کرلی ہے۔ بنڈارو دتاتریہ گزشتہ کئی برسوں سے دسہرہ کے موقع پر حیدرآباد میں الائی بلائی پروگرام کا اہتمام کرتے ہیں جس میں تمام سیاسی پارٹیوں کے قائدین کو مدعو کیا جاتا ہے۔ وجئے لکشمی اس پروگرام کے انعقاد میں اہم رول ادا کرتی ہیں۔ پارٹی کو امید ہے کہ دتاتریہ کی دختر کی امیدواری سے پسماندہ طبقات کے ووٹ بی جے پی حاصل ہوں گے۔ گورنر ہریانہ کے عہدہ سے حال ہی میں سبکدوش بنڈارو دتاتریہ اپنی دختر کو سیاسی وارث کے طور پر عوام کے درمیان پیش کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے 2023 اسمبلی انتخابات میں مشیر آباد اسمبلی حلقہ سے اپنی دختر کو ٹکٹ دلانے کی مساعی کی تھی، بتایا جاتا ہے کہ ہائی کمان نے وجئے لکشمی کے حق میں فیصلہ کرلیا تھا تاہم پارٹی کے ایک رکن پارلیمنٹ کی مداخلت کے بعد فیصلہ تبدیل کردیا گیا۔ بی جے پی ہائی کمان نے تیقن دیا تھا کہ آئندہ کسی موقع پر اسمبلی انتخابات میں وجئے لکشمی کو ٹکٹ دیا جائے گا۔ وجئے لکشمی کا تعلق اگرچہ جوبلی ہلز سے نہیں ہے لیکن موجودہ سیاسی حالات میں پارٹی کو کسی مضبوط خاتون امیدوار کی تلاش ہے۔ 1