شادی کی استقبالیہ تقریب سے واپسی کے دوران بے قابو کار بس سے ٹکرا گئی
جگتیال ۔ 10 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ کے جگتیال شہر کے قریب شادی کی استقبالیہ تقریب سے واپسی کے دوران پیش آئے ایک المناک حادثے میں دلہن کا بھائی اور اس کا دوست ہلاک ہوگئے، جبکہ دلہن کے والدین شدید زخمی ہو گئے۔ حادثہ جگتیال ٹاؤن کے مضافاتی علاقے دھرور کنال کے قریب اس وقت پیش آیا جب دلہن کے بھائی نے کار پر سے قابو کھو دیا، جس کی وجہ سے ان کی گاڑی سامنے سے آنے والی جگتیال ڈپو کی سوپر لگڑری بس سے ٹکرا گئی۔ بس حیدرآباد کی جانب جا رہی تھی۔ کار بس سے ٹکرانے کے بعد سڑک کے کنارے ایک درخت سے ٹکرا گئی ، جس کے نتیجے میں دلہن کے بھائی سنکیرت اور اس کا دوست راجی موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ دلہن کے والدین، راجمالو اور لکشمی، شدید زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر جگتیال کے سرکاری ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ لکشمی کی حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے اسے مزید علاج کے لیے کریم نگر کے ہاسپٹل بھیج دیا گیا۔ حادثہ اتنا بھیانک تھا کہ کار کے سامنے کا حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ حادثہ کا شکار ہونے والے افراد جگتیال کے علاقے ہنومان واڑہ سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ اپنی بیٹی کی شادی کے ریسپشن تقریب میں شرکت کے بعد جنگاؤں سے واپس آ رہے تھے کہ یہ حادثہ پیش آیا۔