بھوبنیشور۔29؍جون (ایجنسیز) اوڈیشہ کے پوری ضلع میں واقع گُنڈیچا مندر کے پاس ایک مذہبی تقریب کے دوران افسوسناک حادثہ ہوا ہے۔ اتوار کو سالانہ جگن ناتھ یاترا کے دوران ساردھا بلی میں بھگدڑ مچ گئی جس میں کم سے کم 3 عقیدت مندوں کی موت ہو گئی جبکہ 50 دیگر افراد زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ صبح قریب 4 بجے پیش آیا جب سینکڑوں عقیدت مند مندر کے قریب جمع ہوئے تھے۔میڈیا کے مطابق پوری کے ضلع مجسٹریٹ سدھارتھ ایس سوین نے بتایا کہ واقعہ میں زخمی لوگوں کو قریب کے ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا ہے جن میں 6 کی حالت سنگین ہے۔ مہلوکین کی شناخت بسنتی ساہو (بولا گڑھ)، پریم کانت موہنتی اور پرواتی داس (دونوں بالی پٹنا باشندہ) کے طور پر کی گئی ہے۔ تینوں کی نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ضلع مجسٹریٹ کے مطابق واقعہ کی جانچ شروع کر دی گئی ہے اور انتظامیہ حالات پر نظر بنائے ہوئے ہے۔ بھیڑ کو قابو کرنے اور زخمیوں کو راحت پہنچانے کے لیے اضافی سلامتی دستے تعینات کیے گئے ہیں۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جائے حادثہ کے پاس پہلے سے ہی کافی بھیڑ جمع تھی لیکن وہاں پر اچانک دو ٹرکوں کے گھسنے کی کوشش کی وجہ سے بھگدڑ مچ گئی۔ تنگ جگہ پر مبینہ طور پر پولیس کی کم تعداد میں موجودگی اور رتھوں کے پاس بکھرے ہوئے تاڑ کے لٹھوں کی وجہ سے حالات خراب ہو گئے۔بھگدڑ کے اس واقعہ پر اوڈیشہ حکومت نے فوری کارروائی کی اور وزیر قانون پرتھوی ہری چندن نے حادثہ پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے معاملے کی اعلیٰ سطحی جانچ کرانے کا اعلان کیا تاکہ حادثے کی اصل وجہ کا پتہ لگایا جا سکے۔ وزیر نے اس بھگدڑ کے لیے ذمہ دار لوگوں کے خلاف مکمل جانچ اور مناسب کارروائی کا وعدہ کیا۔
انہوں نے حادثے میں تین لوگوں کی موت پر افسوس کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ یہ واقعہ پوری میں اس ہیلتھ ایمرجنسی کے ٹھیک ایک دن بعد پیش آیا ہے جس میں کم سے کم 750 عقیدت مند تھکاوٹ اور بھاری بھیڑ کی وجہ سے بے ہوش ہو گئے تھے۔ محکمہ صحت کے افسروں کے مطابق واقعہ کے بعد 230 سے زیادہ عقیدت مندوں کو آئی ڈی ایچ میں بھرتی کرایا گیا۔ بھاری تعداد میں عقیدت مندوں کے بے ہوش ہو جانے کی وجہ سے قریب 520 دیگر کو علاج کے لیے ضلع صدر ہاسپٹل (ڈی ایچ ایچ) میں منتقل کر دیا گیا۔