جھیلوں کی بحالی کیلئے حکومت پر زور : اکبرالدین اویسی

   

حیدرآباد 12 فروری (سیاست نیوز) ریاستی اسمبلی میں لیڈر آف اپوزیشن اکبرالدین اویسی نے ہفتہ کو ریاستی حکومت پر زور دیا کہ جی ایچ ایم سی اور ایچ ایم ڈی اے کے حدود میں موجود جھیلوں کے مرمتی اور بحالی کے کام محکمہ چھوٹی آبپاشی کے حوالہ کئے جائیں۔ اسمبلی میں مطالبات زر پر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے اکبر اویسی نے کہاکہ جی ایچ ایم سی اور ایچ ایم ڈی اے کے دائرہ اختیار میں آنے والی جھیلوں اور تالابوں کو مشن کاکتیہ پروگرام میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ اس کے بعد ان کے مرمتی اور بحالی کے کام نہیں کئے گئے اور ان میں زیادہ تر جھیلیں اور تالاب معدوم ہونے کے دہانے پر ہیں۔ انھوں نے کہاکہ جی ایچ ایم سی اور ایچ ایم ڈی اے دونوں کے پاس جھیلوں کے مرمتی کام انجام دینے اور انھیں بحال کرنے کے لئے فنڈس نہیں ہیں اس لئے بہتر ہوگا کہ یہ کام محکمہ چھوٹی آبپاشی کے حوالہ کیا جائے۔ انھوں نے کہاکہ جی ایچ ایم سی کے دائرہ اختیار کے تحت تقریباً 187 اور ایچ ایم ڈی اے کے تحت 857 جھیلیں اور تالاب ہیں۔ ان میں بعض جھیلوں اور تالابوں کو بحال کرنے کے لئے جنگی خطوط پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہاکہ چونکہ کئی جھیلوں اور تالابوں میں ریگ بھر گیا ہے اس لئے بارش کے دوران شہر میں پانی کا حد سے زیادہ بہاؤ ہورہا ہے اور اس کے نتیجہ میں سیلاب کی صورتحال ہورہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ اگر اس طرح کی جھیلوں کو مرمت سے پہلے جیسا بنادیا گیا تو بارش کے دوران شہر میں ان سے پانی کا بہاؤ نہیں ہوگا اور اس طرح ہم نشیبی علاقوں کو زیرآب ہونے سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔