جیل سے رہائی کے فوری بعد اعظم خان گرفتار

   

رامپور 31 اکٹوبر ( ایجنسیز ) سماجوادی پارٹی لیڈر اعظم خان کو ای ڈی نے رامپور جیل سے رہائی کے فوری بعد دوبارہ گرفتار کرلیا ۔ ایک مقدمہ میں اعظم خان کی ضمانت پر رہائی عمل میں آئی تھی اور ای ڈی نے انہیں دوبارہ گرفتار کرلیا ۔ کہا گیا ہے کہ منی لانڈرنگ کیس میں یہ حراست عمل میں لائی گئی ہے ۔ ای ڈی کے لکھنو زونل آفیسر نے بتایا کہ ہم نے اعظم خان کو حراست میں لیا ہے ۔ قانونی کارروائی کے بعد انہیں گرفتار کیا جائے گا اور عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔چہارشنبہ کو ای ڈی کی جانب سے رامپور میں محمد علی جوہر یونیورسٹی کی کچھ عمارتوں اور اراضی کو بھی قرق کرلیا تھا ۔ ان کی مالیت 1170 کروڑ روپئے ہوسکتی ہے ۔ اس گرفتاری پر اعظم خان نے کہا کہ ان کے پاس کہنے کو کچھ نہیں ہے ۔ انہیں ایک مسلمان ہونے کی سزاء دی جا رہی ہے ۔