جیل کے کھانے کی عادت نہیں ‘ چار کیلو وزن کم ہوگیا ہے : عدالت میں چدمبرم کی درخواست

,

   

نئی دہلی 3 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سپریم کورٹ میں آئی این ایکس میڈیا کیس میں اپنی ضمانت کی درخواست میں سابق وزیر پی چدمبرم نے کہا کہ جیل میں ان کا چار کیلو وزن کم ہوگیا ہے کیونکہ انہیں جیل کے کھانے کی عادت نہیں ہے ۔ چدمبرم نے دہلی ہائیکورٹ میں ضمانت مسترد ہونے کے تین دن بعد سپریم کورٹ کاد روازہ کھٹکھٹایا ہے ۔

آئی این ایکس میڈیا رشوت ستانی کیس
پی چدمبرم ضمانت کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع
نئی دہلی ۔ 3 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام )سابق وزیر فینانس پی چدمبرم نے آج سپریم کورٹ سے رجوع ہوکر آئی این ایکس میڈیا کرپشن کیس میں ضمانت کی درخواست پیش کی ۔ سینئر وکیل کپل سبل نے چدمبرم کی درخواست فوری سماعت کیلئے جسٹس این وی رمنا کی قیادت والی بنچ پر پیش کی ۔ اس بنچ میں جسٹس سنجیو کھنہ اور جسٹس کرشنا مراری بھی شامل ہیں۔ بنچ نے کہا کہ چدمبرم کی اس درخواست کو چیف جسٹس رنجن گوگوئی سے رجوع کیا جائیگا تاکہ وہ اس کو کسی بنچ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرسکیں۔ چدمبرم فی الحال عدالتی تحویل میں ہیں اور انہوں نے سپریم کورٹ سے رجوع ہو کر 30 ستمبر کو دہلی ہائیکورٹ کی جانب سے ان کی درخواست ضمانت کو مسترد کئے جانے کو چیلنج کیا ہے ۔ دہلی ہائیکورٹ نے پیر کو ان کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی اور کہا تھا کہ اس کیس میں تحقیقات آخری مراحل میں ہیں اور ضمانت ملنے پر چدمبرم کی جانب سے تحقیقات میں رکاوٹ پیدا کئے جانے کا امکان مسترد نہیں کیا جاسکتا ۔ ہائیکورٹ نے ان کی درخواست ضمانت کو نہ صرف مسترد کردیا تھا بلکہ یہ شدید ریمارکس بھی کئے تھے کہ اگر چدمبرم کے خلاف الزامات ثابت ہوجاتے ہیں تو یہ سماج کے خلاف ‘ معیشت کے خلاف جرم قرار پائیگا اس سے معاشی استحکام اور ملک کی سالمیت پر اثر ہوسکتا تھا ۔ عدالت نے کہا تھا کہ چدمبرم سے ویسے تو کوئی خطرہ نہیں ہے اور وہ شواہد کو مسخ نہیں کرسکتے تاہم ان کی جانب سے گواہوں پر اثر انداز ہونے کا امکان مسترد نہیں کیا جاسکتا ۔ عدالت نے کہا تھا کہ اس بات سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ چدمبرم ایک طاقتور وزیر فینانس ‘ وزیر داخلہ رہ چکے ہیں اور وہ راجیہ سبھا کے رکن بھی ہیں۔ وہ گواہوں پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔

ہندوستانیوں میں عدم مساوات عروج پر : چدمبرم
نئی دہلی ۔ 3 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق وزیر فینانس و سینئر کانگریس لیڈر پی چدمبرم نے ‘ جو کرپشن کے ایک مقدمہ میں عدالتی تحویل میں ہیں ‘ آج کہا کہ ہندوستانیوں میں عدم مساوات کو عروج ملتا جا رہا ہے ۔ مسٹر چدمبرم نے اپنے ٹوئیٹر پر کہا کہ ایک برادری کا جو عنصر تھا وہ ختم ہوگیا ہے ۔ ذات پات اور تعصب ایسا لگتا ہے کہ فروغ پا گئے ہیں۔ مساوات ایک دور کا خواب بن کر رہ گئے ہیں۔ تمام شواہد اشارہ دیتے ہیں کہ عدم مساوات بڑھتے جا رہے ہیں۔ جو آزادی کی شمع ہے وہ کمزور ہوتی جا رہی ہے ۔ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ یہ شمع روشن و تابناک ہوگی یا پھر یہ بجھ جائیگی ۔