جی ایچ ایم سی حدود سے باہر کچہرا ڈالنے کے مقامات کے لیے اراضیات کی نشاندہی کرنے ڈسٹرکٹ کلکٹرس کو حکومت کی ہدایت

   

حیدرآباد ۔ 8 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : شہر میں کچہرے کے مسائل کو حل کرنے اور جواہر نگر ڈمپنگ یارڈ پر بوجھ کو کم کرنے کی کوشش میں ریاستی حکومت نے اضلاع رنگاریڈی ، سنگاریڈی اور یادادری ، بھونگیری کے ڈسٹرکٹ کلکٹرس کو ہدایت جاری کی کہ کچہرا ڈالنے کے لیے نئے ڈمپنگ یارڈس کے لیے موزوں مقامات کی نشاندہی کی جائے ۔ اس کا اصل مقصد حیدرآباد کے آبادی والے علاقوں سے ان مقامات کو دور رکھنا ہے تاکہ آئندہ 50 سال تک شہر کے لوگوں کو کوئی مشکل نہ ہو ۔ وزیر بلدی نظم و نسق اور شہری ترقی کے ٹی راما راؤ نے دیگر وزراء وی سرینواس گوڑ ، ای دیاکر راؤ اور ستیہ وتی راتھوڑ اور سینئیر عہدیداروں کے ہمراہ پیر کو یہاں جی ایچ ایم سی ہیڈ آفس پر منعقدہ 64 ویں سٹی کنورجینس میٹنگ میں حصہ لیا ۔ راما راؤ نے ڈمپنگ یارڈس کے لیے مناسب اراضیات کے استعمال اور اس کے لیے غیر زرعی اراضیات کی نشاندہی کرنے اور اس سلسلہ میں موثر پلاننگ کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے پیارا نگر ، خانہ پور اور ڈنڈیگل میں مجوزہ یارڈس سے متعلق ایک ہفتہ کے اندر ایک جامع رپورٹ طلب کی ۔۔