جی ڈی پی کی 7.8 فیصد شرح نمو کے نام پر اصل مسائل نظرانداز : شرد پوار

   

بارامتی۔3 ؍ ستمبر (ایجنسیز ) نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (ایس پی) کے سربراہ شرد پوار نے اپریل تا جون سہ ماہی میں جی ڈی پی کی 7.8 فیصد شرح نمو کے اعلان پر مرکزی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ حکومت اعداد و شمار کے طریقۂٔٔکار میں ہیر پھیر کے ذریعے معیشت کی صورت حال کو بہتر دکھانے کی کوشش کر رہی ہے۔صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پوار نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر خزانہ معیشت کی حالت کو بہت مضبوط ظاہر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ ملک کو درپیش بنیادی مسائل کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس حقیقت کو سمجھنے میں ناکام ہے کہ معیشت دراصل سست ہو رہی ہے۔پوار کے مطابق ان کا اعتراض صرف 7.8 فیصد کے اعداد و شمار پر نہیں بلکہ حکومت کی جانب سے اس شرح نمو کو ملک کی مضبوط اقتصادی صورت حال کے ثبوت کے طور پر پیش کرنے پر ہے۔ پوار نے وزیر اعظم پر یہ الزام بھی عائد کیا کہ وہ مہنگائی میں اضافے اور خاندانوں کی گھٹتی بچت جیسے گھریلو مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے بین الاقوامی پروگراموں اور دیگر معاملات کو استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اقتصادی ترقی کے دعووں کے بجائے عام لوگوں کو درپیش مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔این سی پی (ایس پی) سربراہ نے چینی کی بڑھتی قیمتوں پر بھی تشویش ظاہر کی۔