نئی دہلی، 27 جون (یو این آئی) وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے آج ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے بعد کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراغچی سے ٹیلی فون پر بات چیت کی اور ہندوستانی شہریوں کے محفوظ انخلاء میں مدد کرنے کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا۔ڈاکٹر جے شنکر نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہاکہ آج سہ پہر ایرانی وزیر خارجہ عراغچی سے بات کی۔ موجودہ پیچیدہ صورتحال میں ایران کے نقطہ نظر اور سوچ کو شیئر کرنے کے لیے میں ان کی تعریف کرتا ہوں۔ ہندوستانی شہریوں کے محفوظ انخلاء میں مدد کرنے کے لیے ان کا شکریہ۔ آپریشن سندھو کے تحت اب تک کل ملاکر 4415 ہندوستانی شہریوں (3597ایران سے اور 818 اسرائیل سے ) کو انخلاء کی 19 خصوصی پروازوں کے ذریعے نکالا جا چکا ہے جس میں ہندوستانی فضائیہ کے تین طیارے بھی شامل ہیں۔