جے ڈی ورما کل گورنر تلنگانہ کے عہدہ کا حلف لیں گے

   

سی پی رادھا کرشنن کی راج بھون سے جذباتی وداعی
تلنگانہ کے قائد تریپورہ اور تریپورہ کے لیڈر تلنگانہ میں گورنر
حیدرآباد 29 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ کے نئے گورنر کے طور پر جشنو دیو ورما 31 جولائی کو شام 5 بجے نئے عہدہ کا حلف لیں گے۔ راج بھون میں چیف جسٹس تلنگانہ ہائیکورٹ جسٹس الوک ارادھے نئے گورنر کو حلف دلائیں گے۔ مرکزی حکومت نے سی پی رادھا کرشنن کے جانشین کے طور پر جشنو دیو ورما کا تقرر کیا ہے۔ جے ڈی ورما کا جنم 15 اگسٹ 1957 ء کو تریپورہ میں ہوا اور 2018 ء سے 2023 ء تک تریپورہ قانون ساز اسمبلی میں چاریلام اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کی۔ وہ تریپورہ کی کابینہ میں ڈپٹی چیف منسٹر کی حیثیت سے برقی، دیہی ترقی، فینانس، پلاننگ، سائنس و ٹیکنالوجی وزارت کے انچارج رہے۔ 2023 ء تریپورہ اسمبلی انتخابات میں اُنھیں تریپورہ موتھا پارٹی کے امیدوار سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دیو ورما تریپورہ کی پہلی شخصیت ہیں جنھیں کسی ریاست کا گورنر مقرر کیا گیا ہے۔ 1990 ء میں رام جنم بھومی تحریک کے دوران اُنھوں نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ جے ڈی ورما کا تعلق تریپورہ کے شاہی خاندان سے ہے اور وہ بیاڈمنٹن اسوسی ایشن آف انڈیا کے صدر رہ چکے ہیں۔ تلنگانہ کے نئے گورنر شاعر بھی ہیں اور اُن کی بعض تصنیفات شائع ہوچکی ہیں۔ تریپورہ کے مختلف اخبارات میں وہ مضامین لکھتے رہے ہیں۔ حال ہی میں اُن کی نظموں پر مشتمل کتاب منظر عام پر آئی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے بی جے پی لیڈر این اندرسین ریڈی تریپورہ کے گورنر ہیں اور تریپورہ سے تعلق رکھنے والے جے ڈی ورما کو تلنگانہ کا نیا گورنر مقرر کیا گیا ہے۔ ٹی سوندرا راجن نے لوک سبھا چناؤ سے قبل گورنر کے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا اور ٹاملناڈو میں بی جے پی کے ٹکٹ پر مقابلہ کیا لیکن اُنھیں شکست ہوئی۔ علیحدہ تلنگانہ ریاست میں جے ڈی ورما چوتھے گورنر ہوں گے۔ ای ایس ایل نرسمہن، ٹی سوندرا راجن اور سی پی رادھا کرشنن کے بعد جے ڈی ورما چوتھے گورنر ہوں گے۔ سی پی رادھا کرشنن جو جھارکھنڈ کے گورنر ہیں، اُنھیں تلنگانہ اور پوڈوچیری کی اضافی ذمہ داری دی گئی تھی۔ اِسی دوران راج بھون کے عملہ نے سی پی رادھا کرشنن کو آج جذباتی انداز میں وداع کیا۔ سی پی رادھا کرشنن نے آج جھارکھنڈ روانگی سے قبل راج بھون کے عملہ سے فرداً فرداً ملاقات کی اور تعاون پر اظہار تشکر کیا۔ گورنر کے سکریٹری بی وینکٹیشم اور دیگر عہدیدار اِس موقع پر موجود تھے۔ گورنر نے راج بھون کے عملہ کے ساتھ گروپ فوٹو لی تاکہ ہر کسی کے پاس یادگار رہے۔ سی پی رادھا کرشنن شام میں رانچی کے لئے روانہ ہوگئے۔ قبل ازیں صبح میں چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سی پی رادھا کرشنن سے ملاقات کی جوکہ وداعی ملاقات تھی۔ دونوں قائدین نے ایک دوسرے سے اظہار تشکر کیا۔ چیف منسٹر نے سی پی رادھا کرشنن کو یادگاری تحفہ حوالے کیا اور تہنیت پیش کی۔ 1