حضرت سید شاہ امان اللہ حسینی کا لقب فردالافراد اور تاریخ ولادت ۸۹۰ھ اور مادۂ تاریخ ’’فیض‘‘ ہے۔ آپ حسنی اور حُسینی سادات سے ہیں۔ آپ کے والد حضرت سید شاہ اسحاق ثناء اللہ قادری الحموی ہے۔ آپ کا نسب مبارک دس (۱۰) واسطوں سے حضور غوثِ پاک سرکار سے جا ملتا ہے۔ آپ کو اپنے والد سید اسحاق شاہ قادری کرنولی سے خرقۂ خلافت اور نعمتِ قادریہ عطا ہوئی۔ آپ ۹۳۰ھ میں بہ عہدِ تخت نشینی شاہ بابر دہلی سے براہ کرنول نظام آباد تشریف لاکر قلعہ نظام آباد کے پیچھے پہاڑی شریف پر (جہاں اب مزار مبارک واقع ہے) جلوہ افروز ہوئے اور یہیں سے سلسلہ رشد و ہدایت کا آغاز فرمایا۔اس سفر میں آپ کے فرزند سید بدر عالم بھی آپ کے ہمراہ تھے، جن سے اب تک آپ کا سلسلہ قائم ہے ۔طویل عمر پاکر ۱۱۶۲ھ میں آپ نے وصال فرمایا، مزار شریف قلعہ نظام آباد کے پیچھے پہاڑی شریف پر واقع ہے جسے لوگ بابن صاحب پہاڑی کہتے ہیں، ہر سال ۱۶، ۱۷ جمادی الاوّل کو آپ کا عرس بڑی عقیدت سے منایا جاتا ہے ۔