حضرت مولوی محمد زمان خان شہید ؒ

   

سید خلیل احمد ہاشمی
آپ کا اسم گرامی محمد زماں خاںکنیت ابورجا مشہور القاب مولوی زماں خاں شہید صاحب غنیمۃ الاسلام قدوۃ العلماء‘ زبدۃ الفصحاء اتالیق السلاطین ہے ۔ آپ کے والد بزرگوار کا اسم مبارک محمد عمر خان شاہ جہاں پوری ہے جن کا شمار اولیاء و صالحین میںہوتا ہے۔آپ کی ولادت ۳؍ ذوالقعدہ بروز چہارشنبہ ۱۲۴۲ء؁ کو شاہ جہاں پور میںہوئی ۔ ابتدائی تعلیم قرآن شریف گھر ہی پر حاصل کی ‘ پھر فارسی زبان اور عربی کی صرف ونحو و فقہ و اصول شاہ جہاں پور کے اساتذہ سے حاصل کی ۔آپ ۱۲۶۶؁ ھ میں حیدرآباد دکن پہنچے۔ اور حضرت میر اشرف علی شاہ نقشبندی مجددی کے پاس قیام فرمایا ۔جب مولانا حکیم محمد ابراہیم علیہ الرحمۃ نے آپ کے علم و فضیلت و لیاقت کی تعریف نواب ناصر الدولہ بہادر والی دکن سے کی توناصر الدولہ نے آپ کو ساٹھ روپئے ماہوار کے منصب پر سرفرازی فرمائی اور اپنے صاحبزادے نواب افضل الدولہ بہادر مغفرت مکان کی تعلیم پر مقرر فرمایا۔ حضرت نے ملازمت سے علحدگی کے بعد گوشہ نشینی اختیار فرمائی اور گھرپر علوم اسلامیہ‘ فقہ‘ حدیث‘ تفسیر‘ اُصول منطق و معانی وغیرہ کی تدریس کا اہتمام فرمایا نیز حقائق و معارف میں مولانا روم قدس سرہ کی مثنوی کا درس جاری فرمایا اور ساری زندگی علم دین اور غربا کی خدمت میں صرف کردی۔اپنے اساتذہ کرام کی متابعت میں ہر جمعہ وعظ فرماتے تھے اور قرآن مجید کے اسرار ونکات بیان فرماتے تھے ۔