حماس کے زائد از 1000 ارکان ترکیہ میں زیر علاج : اردغان

   

انقرہ: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردغان نے پیر کو اعلان کیا ہے کہ حماس کے ایک ہزار سے زائد ارکان اس وقت ترکیہ کے ہاسپٹلس میں زیرعلاج ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ وہ حماس کو دہشت گرد تنظیم نہیں مانتے۔ اردغان نے صحافیوں کو بتایا کہ حماس کے بہت سے ارکان جاں بحق ہوگئے ہیں اور پورا مغرب ان پر ہر قسم کے ہتھیاروں اور گولہ بارود سے حملہ کر رہا ہے۔ انہوں نے انقرہ میں یونانی وزیراعظم مٹسوٹاکس کے ساتھ بات چیت کے بعد ایک پریس کانفرنس کے دوران مزید کہا کہ وہ حماس کو دہشت گرد تنظیم سمجھنے والے ایتھنز کے نقطہ نظر سے دکھ میں ہیں اور حماس کو اپنے مقبوضہ علاقوں کا دفاع کرنے والی مزاحمتی تنظیم سمجھتے ہیں۔ انہوں نے مغربی ممالک کی قیادت میں بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ 35000 سے زیادہ بے گناہ فلسطینی شہریوں کے قتل کے خلاف آواز بلند کرے۔