پیپلز پلازہ نکلس روڈ پر نیشنل ہینڈلوم ڈے کا افتتاح ، وزیر ٹی ناگیشور راؤ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 7 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : ریاستی وزیر زراعت ہینڈلوم و ٹکسٹائیل تملا ناگیشور راؤ نے کہا کہ ہینڈلوم کا شعبہ ہمارے ملک کی قدیم دولت ، ثقافت اور روایات کی علامت ہے اور حکومت ہینڈلوم کے فن کو شہرت دلانے کے لیے نئی اسکیمات متعارف کرائے گی ۔ ہینڈلوم ٹکسٹائیل ڈپارٹمنٹ کے زیر اہتمام پیپلز پلازہ نیکلس روڈ حیدرآباد میں منعقدہ نیشنل ہینڈلوم ڈے میں شرکت کی اور ہینڈلوم نمائش کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر ٹی ناگیشور راؤ نے کہا کہ بافندوں کے فن کو شہرت اور وقار دلانے کے لیے تلنگانہ کی کانگریس حکومت مستقل اسکیمات کا آغاز کرے گی ۔ حکومت ہینڈلوم ورکرس کی فلاح و بہبود کے معاملے میں عہد کی پابند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بافندوں کی لگن اور تخلیقی صلاحیتوں پر ملک اور ریاست تلنگانہ کو فخر ہے ۔ وزیر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ہینڈلوم کے کپڑے خرید کر پہنیں اور بافندوں کی حوصلہ افزائی کریں ۔ تملا ناگیشور راؤ نے کہا کہ حکومت بافندوں کو بہتر زندگی دینے کے معاملے میں پر عزم ہے ساتھ ہی انہوں نے بافندوں کو بھی مشورہ دیا کہ وہ دنیا کی مسابقت میں اپنی قسمت آزمائے اور نئی نئی مصنوعات تیار کریں ۔ حکومت نے بجٹ میں ہینڈلوم ڈپارٹمنٹ کیلئے سال 2024-25 میں 36,133 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں ۔ تلنگانہ میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ہینڈلوم ٹکنالوجی کے قیام کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس موقع پر محکمہ ہینڈلوم ٹیکسٹائیل کی پرنسپل سکریٹری شلیجا رامیا ، ورنگل کی مئیر جی سدھارانی کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔۔ 2