حکومت مسلمانوں کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کام کریگی تو مجلس سے مکمل تعاون کا تیقن

   

پرانے شہر میں میٹرو ریل چلانے، موسیٰ ندی پراجکٹ کو ترقی دینے کا مجلس سے خیرمقدم ۔ اکبر الدین اویسی
حیدرآباد۔ 9 فروری (سیاست نیوز) مجلس کے قائد مقننہ نے کہا کہ ہم کسی سے تصادم نہیں چاہتے حکومت اقلیتوں سے انصاف کرتی پرانے شہر کو ترقی دیتی ہے تو ہم کانگریس حکومت کے ساتھ مکمل تعاون و اشتراک کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔ حکومت کی دو ماہی کارکردگی اطمینان بخش ہے۔ جو بھی اقدامات کئے گئے ہیں مجلس اس کا خیرمقدم کرتی ہے۔ حکومت اور چیف منسٹر سے اظہار تشکر کرتی ہے۔ گورنر کے فیصلہ اظہار تشکر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے اکبر الدین اویسی نے کہا کہ کسی بھی نئی حکومت کے لئے 2 ماہ کا وقت بہت کم وقت ہوتا ہے۔ کسی بھی حکومت کو سمجھنے اور سنبھلنے کے لئے وقت دینا ضروری ہے۔ وہ امید کرتے ہیں کانگریس حکومت اپنے تمام وعدوں کو پورا کرے گی۔ 6 گیارنٹی میں 2 گیارنٹی پر عمل کیا گیا، مزید 2 گیارنٹی پر عمل کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ خواتین کو ماہانہ 2500 روپے معاوضہ کی اجرائی کے لئے شیڈول کے ساتھ رہنمایانہ خطوط جاری کریں۔ گورنر کے خطبہ میں 200 یونٹ مفت برقی تمام اہل افراد کو دینے کا تذکرہ کیا گیا ہے۔ جبکہ کانگریس کے منشور میں تمام گھریلو صارفین کو 200 یونٹ تک مفت برقی سربراہ کرنے کا وعدہ کیا گیا۔ صارفین کے انتخاب کرنے کا طریقہ کار کیا ہوگا حکومت اس کی وضاحت کریں۔ بسوں میں تمام خواتین کو مفت سفر کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ 200 یونٹ مفت برقی کی اسکیم کو سفید راشن کارڈ سے جوڑنے کی وجہ طلب کی۔ اکبر الدین اویسی نے کہا کہ سابق بی آر ایس حکومت نے دو تین سال سے فیس ریمبرسمنٹ جاری نہیں کیا کانگریس حکومت جاری کریں۔ وہ سمجھتے ہیں مالی مسائل ہیں کم از کم تھوڑا جاری کریں اور کالجس کو ہدایت دیں کہ وہ طلبہ کو ہراساں نہ کریں اور سرٹیفکیٹس جاری کریں۔ آروگیا شری اسکیم کو تمام ٹیچنگ ہاسٹلس سے مربوط کیا جائے۔ حکومت کی خواتین کو مفت بس سفر اسکیم کامیاب ہے اس اسکیم کے لئے بجٹ میں فنڈس مختص کریں۔ حکومت نے ملازمتوں کی فراہمی کا آغاز کردیا ہے۔ 6 ہزار اسٹاف نرسیس کا تقرر کرنے کا ہم خیرمقدم کرتے ہیں۔ سابق حکومت نے اردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ دیا ہے۔ مگر اردو سے انصاف نہیں کیا ہے۔ کانگریس حکومت اردو کے ساتھ انصاف کریں۔ اس معاملے میں مجلس حکومت سے مکمل تعاون کرے گی۔ سیٹ ون کے ٹریننگ سنٹرس کو توسیع دیں۔ پرانے شہر کے نیاک سنٹر کو بجٹ مختص کرنے کا مطالبہ، موسم گرما میں پینے کے پانی کی قلت کو دور کرنے کے لئے خصوصی حکمت عملی تیار کرنے پر زور دیا۔ آئندہ ماہ رمضان کا آغاز ہو رہا ہے۔ ابھی میٹنگ طلب کریں مساجد کے اطراف انتظامات کو قطعیت دیں۔ ماضی میں صرف 10 دن قبل اجلاس طلب کیا جاتا تھا، رمضان ختم ہونے کے بعد کام کئے جاتے تھے۔ ایک ہفتہ 10 دن میں لوک سبھا انتخابات کے لئے نوٹیفکیشن جاری ہوگا۔ اس کے بعد اجلاس طلب کیا گیا تو فنڈز کی اجرائی ممکن نہیں ہوگی۔ ریاست کے منادر کی ترقی کا وہ خیرمقدم کرتے ہیں۔ ٹمپل ٹورازم پیاکیج میں منادر کے ساتھ مساجد اور چرچس کو بھی شامل کرنے کی تجویز پیش کی۔ موسی ندی پراجکٹ کو ترقی دینے کا مجلس خیرمقدم کرتی ہے اور وہ حکومت سے اظہار تشکر کرتے ہیں۔ لندن دورے کی ٹیم میں انہیں ساتھ رکھنے پر اکبر الدین اویسی نے چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا ارادہ پکا ہوتو ہر ناممکن کام بھی ممکن ہوسکتا ہے۔ تین دہوں سے موسی ندی کو ترقی دینے پر غور کیا جارہا ہے۔ وہ امید کرتے ہیں راج شیکھر ریڈی نے جو خواب دیکھا تھا اس کو ریونت ریڈی پورا کریں گے۔ شہر میں ٹریفک کا بہت بڑا مسئلہ ہے، چیف منسٹر شہر کے ارکان اسمبلی کا ایک اجلاس طلب کرتے ہوئے ٹریفک مسائل کو حل کرنے کیلئے ان کے تجاویز حاصل کریں گے۔ پرانے شہر میں میٹرو چلانے کا فیصلہ کرنے کا مجلس خیرمقدم کرتی ہے۔ نظامیہ طبی کالج کی ہیرٹیج عمارت کا تحفظ کریں، فوری اس کی آہک پاشی کریں۔ نظامیہ طبی کالج کے گرلز ہاسٹل کی ابتر صورتحال ہے، اس پر فوری توجہ دیں۔ پرانے شہر میں بنڈلا گوڑہ میں 100 بستروں پر مشتمل ہاسپٹل دیگر مقامات پر ہاسپٹلس کی تعمیر کا مطالبہ کیا۔ عثمانیہ ہاسپٹل کی تاریخی عمارت پر فوری توجہ دیں۔ بلڈنگ ریگولرائزیشن اسکیم پر چیف منسٹر ردعمل کا اظہار کریں۔ یہ مسئلہ ہائی کورٹ میں زیر التواء ہے۔ بی آر ایس حکومت نے اس پر توجہ نہیں دی اگر کانگریس حکومت توجہ دیگی تو تین تا چار کروڑ روپے کی آمدنی ہوگی۔ بی آر ایس کے دور حکومت میں اقلیتوں اور بی سی طبقات کیلئے ایک لاکھ روپے سبسیڈی اسکیم متعارف کرایا تھا۔ منظورہ رقم فوری جاری کریں۔ وقف جائیدادوں کی تباہی کی سی بی سی آئی ڈی تحقیقات کرانے وقف جائیدادوں کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف کارروائی کریں۔ منشیات کے خلاف شروع کی گئی مہم کی مجلس مکمل تائید کرتی ہے۔ غذائی ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں۔ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لئے میکانزم تیار کیا جائے۔ 2