نئی گاڑیوں کی خریدی پر بھی ٹیکس عائد ، حکومت کو 1000 کروڑ روپئے کی آمدنی متوقع
حیدرآباد ۔ 10 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ حکومت نے گاڑیوں کی خریدی کرنے والوں پر ٹیکس کا بوجھ عائد کردیا ہے ۔ گاڑیوں کے لائف ٹیکس میں اضافہ کردیا ہے جس پر پیر سے عمل آوری کا آغاز بھی ہوگیا ہے ۔ حکومت نے موجودہ 2 سلاب پالیسی کو بڑھا کر 4 سلاب کردیا ہے ۔ ماضی میں ایک ٹیکس 10 لاکھ روپئے سے کم کی گاڑیوں پر اور دوسرا 10 لاکھ روپئے سے زیادہ گاڑیوں پر عائد کیا جاتا تھا ۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے حال ہی میں گاڑیو ںکی قیمتوں کو 4 زمروں میں تقسیم کرتے ہوئے ٹیکس وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پہلے ایک لاکھ روپئے سے کم دو پہیوں کی گاڑی خریدنے پر 9 ہزار روپئے ٹیکس ادا کرنا کافی تھا اب اس کے لائف ٹیکس میں 3 ہزار روپئے کا اضافہ کرتے ہوئے 12 ہزار روپئے کردیا گیا ہے ۔ پہلے اندرون 10 لاکھ روپئے کی کار خریدنے پر تقریبا 1.20 لاکھ روپئے ٹیکس ادا کیا جاتا تھا ۔ اب اس میں 20 ہزار روپئے کا اضافہ کرتے ہوئے 1.40 لاکھ روپئے ٹیکس کردیا گیا ہے ۔ اس طرح گاڑیوں کی قیمت میں ایک سے چھ فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔ دو پہیوں کی گاڑیوں کے ٹیکس کو ایک فیصد سے بڑھاکر 3 فیصد کردیا گیا ہے ۔ اس سے قبل نئی گاڑیوں پر 9 فیصد ٹیکس تھا 50 ہزار روپئے سے زیادہ کی نئی گاڑیوں پر 12 فیصد ٹیکس ادا کرنا پڑے گا ۔ اگر کوئی شخص دو گاڑیوں کی رجسٹریشن کرانا چاہتا ہے تو اسے ماضی کی طرح 2 فیصد زیادہ ٹیکس ادا کرنا ہوگا ۔ ماضی میں دو پہیوں والی گاڑیوں کے دو زمرے 60 سی سی اور 60 سی سی سے زائد کے تھے ۔ تازہ فیصلے میں گاڑیوں کی قیمت کے لحاظ سے دو سلابس میں ٹیکس وصول کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ حکومت نے اندازہ لگایا کہ حالیہ ٹیکس میں 1000 کروڑ روپئے سے زائد کی آمدنی ہوگی ۔ تین اور چار پہیوں کی گاڑیاں ، موٹر ٹیکسیاں ، کاریں ، جیپس ( نان اسپورٹس ) نئی 5 لاکھ روپئے سے کم قیمت کی گاڑیوں پر 13 فیصد اور 10 لاکھ روپئے کم سے کم قیمت کی گاڑیوں پر 14 فیصد 20 لاکھ روپئے سے کم قیمت کی گاڑیوں پر 17 فیصد 20 لاکھ روپئے کی قیمت سے زیادہ گاڑیوں پر 18 فیصد ٹیکس وصول کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ٹرانسپورٹ گاڑیوں سے متعلق 5 لاکھ روپئے سے کم قیمت کی گاڑیوں پر 15 فیصد اندرون 10 لاکھ روپئے کی قیمت والی گاڑیوں پر 16 فیصد 20 لاکھ روپئے کی گاڑیوں پر 19 فیصد 20 لاکھ روپئے سے زیادہ کی گاڑیوں پر 20 فیصد ٹیکس وصول کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔۔ ن