حیدرآباد 9 اپریل (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ تلنگانہ کی حقیقی ترقی صرف تعلیم کے فروغ سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کے چندر شیکھر راؤ 10 سالہ دور حکومت کے وسائل کے غلط استعمال کے بعد ریاست ترقی سے محروم رہی ہے۔ جمعرات کو ضلع کھمم کے ایروپلم میں اماں فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام طلبہ میں سیکلیں تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ کانگریس کی موجودہ حکومت تعلیم کے شعبہ کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے اعلان کیا کہ 2 جون سے طلبہ کیلئے ناشتہ کی اسکیم شروع کی جائے گی جبکہ انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کو بھی مڈ ڈے میل فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہر بچہ کو مفت اور معیاری تعلیم کیلئے پرعزم ہے۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ ریاست بھر میں 100 ینگ انڈیا ریسیڈنشیل اسکولس قائم کئے جائیں گے تاکہ غریب اور متوسط طلبہ کو بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کی جاسکے۔ تقریب کے دوران طلبہ میں سیکلوں کی تقسیم کو ایک اہم قدم قرار دیا ۔ 2/k/k