کولکاتہ کے درگا پوجا پنڈال میں بھگدڑ۔ 18 افراد ہلاک ۔ 25 زخمی

,

   

تیز بارش اور بھاری ہجوم وجہ بنا ۔ چیف منسٹر ادھیکاری نے زخمیوں کی عیادت کی ۔ مہلوکین کیلئے 2 لاکھ روپئے ایکس گریشیا ۔ وزیر اعظم مودی کا اعلان

کولکاتہ 17 اکٹوبر ( ایجنسیز ) کولکاتہ میں آج ایک درگا پوجا پنڈال میں ہجوم کے باعث بھگدڑ جیسی صورتحال پیدا ہوگئی جس کے نتیجہ میں کم از کم 18 افراد ہلاک اور 35 زخمی ہوگئے ۔ کہا گیا ہے کہ مہلوکین میں 13 خواتین اور ایک بچہ بھی شامل ہے ۔ تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ بارش ‘ بھاری ہجوم ‘ داخلہ و اخراج کے چھوٹے دروازوں کی وجہ سے یہ صورتحال پیدا ہوئی ۔ شمالی کولکاتہ کے درگا پوجا پنڈال میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ کولکاتہ پولیس نے کہا کہ شام 7.40 بجے بھگدڑ شروع ہوئی تھی ۔ چورے باگن ‘ سربوجانن پوجا پنڈال گریش پارک پولیس اسٹیشن کے تحت آتا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ یہ صورتحال بارش کے دوران شدید ہجوم کی وجہ سے پیدا ہوئی ہے ۔ تمام زخمی افراد کو میڈیکل کالج و ہاسپٹل کو منتقل کیا گیا ہے ۔ کنٹرول روم سے اضافی پولیس دستوں کو بھیجا گیا ‘ فائر بریگیڈ ‘ کولکاتہ پولیس ‘ ڈیزاسٹر مینجمنٹ گروپ کی ٹیم اور ایمبولنس گاڑیوں کو بھی وہاں متعین کردیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ اس واقعہ کے بعد کولکاتہ شہر میں ہجوم والے درگا پوجا پنڈالس کو بند کردیا گیاہے ۔ تاحال موصولہ اطلاعات کے مطابق تاحال 35 افراد کو میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل کو منتقل کیا گیا ہے ۔ پولیس نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ابھی مزید تفصیلات کا انتظار ہے ۔ ایک شخص نے بتایا کہ اس کی بیٹی اور نواسی کو دواخانہ منتقل کیا گیا ہے ۔ اس کا کہنا تھا کہ پنڈال میں داخلہ کا راستہ بہت چھوٹا تھا اور ایگزٹ گیٹ بھی بڑی نہیں تھی ۔ اس مقام پر روشنی کا بھی خاطر خواہ بندوبست نہیں تھا ۔ کہا گیا ہے کہ داخلہ کے مقام پر دیڑھ گھنہ تک کی قطاریں موجود تھیں۔ چونکہ بارش ہو رہی تھی اس لئے لوگ جلدی میں تھے ۔ سارے علاقہ تنگ تھا اور تاریکی بھی تھی ۔ دو افراد تاریکی کی وجہ سے گرگئے اس کے بعد بھگدڑ جیسی صورتحال پیدا ہوگئی تھی ۔ وہاں پولیس اور والینٹرس بھی متعین نہیں تھے ۔ چیف منسٹر مغربی بنگال مسٹر سوویندو ادھیکاری نے اس بھگدڑ میں 17 افراد کی ہلاکت کی توثیق کی ہے ۔ انہوں نے دواخانہ پہونچ کر زخمیوں کی عیادت بھی کی ۔ اس موقع پر چیف سکریٹری بھی موجود تھے ۔ دواخانہ کے ذرائع نے بتایا کہ 25 زخمی افراد میں 24 کی حالت مستحکم ہے اور ایک کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ۔ وزیر صحت شرداوت مکرجی نے بھی دواخانہ کا دورہ کرکے زخمیوں کی مزاج پرسی کی ۔ اس دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے بھگدڑ کے واقعہ میں مرنے والوں کے لواحقین کیلئے فی کس دو لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا ۔ انہوں نے زخمیوں کیلئے بھی فی کس پچاس ہزار روپئے امداد کا اعلان کیا ۔