بستی دواخانوں میں یومیہ 20 معائنے ، شہری علاقوں کی صورتحال ابتر
حیدرآباد۔ ریاست تلنگانہ کے مختلف اضلاع بالخصوص شہر حیدرآباد‘ میڑچل ‘ رنگاریڈی اور نظام آباد میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے شہریوں کی جانب سے اب رضاکارانہ طور پر کورونا وائرس کا معائنہ کروانے کے لئے مراکز پر پہنچنے لگے ہیںلیکن انہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جب کہ ریاست کے ان شہروں اور اضلاع میں جہاں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے شہریو ںکی بڑی تعداد اپنی صحت کے متعلق فکرمند نظر آرہی ہے۔ شہر حیدرآباد کے سرکاری مراکز جہاں کورونا وائرس کا معائنہ کیا جا رہاہے وہاں عوام کی طویل قطاریں لگائی جانے لگی ہیں لیکن ایک مرکز پر صرف 20ریاپڈ اینٹی جین اور 15 آر ٹی پی سی آر معائنوں کے کٹس حوالہ کئے جا رہے ہیں اور کہا جار ہاہے کہ اگر کسی کو ریاپڈ اینٹی جین میں پاز یٹیو رپورٹ آجاتی ہے تو ان کا آر ٹی پی سی آر کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے اور اگر کسی کو ریاپڈ اینٹی جین میں رپورٹ منفی آتی ہے تو ایسی صورت میں ہی اس مریض کا آر ٹی پی سی آر معائنہ کیا جانا چاہئے ۔ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے بعض دواخانوں کے علاوہ شہر میں کسی بھی عوامی مراکز صحت یا بستی دواخانوں میں یومیہ 20 سے زائد معائنے نہیں کئے جا رہے ہیں لیکن اور جب شہری علاقو ںمیں یہ صورتحال ہے تو ریاست تلنگانہ کے دیہی اضلاع میں حالات کیاہوں گے اس کا اندازہ کیا جاسکتا ہے۔محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ ریاست بھر میں کورونا وائرس کے معائنوں کے معاملہ میں حکومت کی جانب سے سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جا رہاہے لیکن اب تک عوام کی جانب سے معائنہ کروانے میں کوتاہی کی جا رہی تھی اور اب عوام قطار میں کھڑے ہوکر معائنہ کروانے تیار ہیں لیکن حکومت کی جانب سے کٹس کی کم تعداد میں فراہمی کے سبب بستی دواخانوں اور عوامی مراکز صحت کو پہنچنے والوں میں مایوسی پیدا کر رہی ہے اور خانگی لیباریٹریز میں بھی قبل از وقت اپائینمنٹ کی صورت میں ہی آر ٹی پی سی آر معائنہ کیا جا رہاہے۔ ڈاکٹرس کا کہناہے کہ اگر ریاستی حکومت کی جانب سے ریاپڈ اینٹی جین کٹس کی کھلے بازار میں فروخت کویقینی بنانے کے اقدامات کئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں ریاست بھر میں وہ لوگ جنہیں کورونا وائرس کا شبہ ہے از خود کٹس حاصل کرتے ہوئے اپنا معائنہ کرسکتے ہیں اور ضرورت پڑنے پر وہ آرٹی پی سی آر کے لئے سرکاری مراکز یا پھر خانگی لیباریٹری سے رجوع ہوسکتے ہیں۔