حیدرآباد(تلنگانہ): ریاست بھر میں روزانہ کورونا وائرس کے واقعات میں بے تحاشہ اضافہ ہورہا ہے جس کے سبب عوام میں دہشت اور خوف کا ماحول پیدا ہورہا ہے۔ شہر کے تاجرین وقت کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے جلد دکانات بند کرنے کا فیصلہ کررہے ہیں۔ بیگم بازار تاجرین نے بھی دکانات 4 بجے بند کردینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ خود کی اور شہریوں کی اس وباء سے حفاظت ہوسکے۔
اسی طرح پرانا شہر میں واقع چار مینار کے اطراف واقع سونا چاندی کے تاجرین نے بھی جلد دکانات بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گولڈ، سلور اینڈ ڈائمنڈ مرچنٹ اسوسی ایشن نے فیصلہ کیا ہے کہ 4.30 بجے ہی دکانات بند کردئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے دکانات رات 9بجے تک کھلے رہ سکتے ہیں۔لیکن تاجرین نے رضاکارانہ طورپر جلد دکانات بند کرنے کی فیصلہ کیا ہے تاکہ اس عالمی وباء کوویڈ۔19 سے خود بھی اور گاہک بھی محفوظ رہ سکیں۔ شاہ علی بنڈہ گولڈ، سلور اینڈ ڈائمنڈ مرچنٹ اسوسی ایشن کے ارکان نے بتایا کہ شہر میں کوویڈ۔19 کے خطرات میں اضافہ ہورہا ہے جس کے پیش نظر ہم گاہکوں اور دکان کے اسٹاف اور خود کی بھی جان کو خطرہ میں ڈالنا نہیں چاہتے ہیں۔ ان تاجرین نے بتایا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے باوجود ان کا کاروبار سست روی کا شکار ہوگیا ہے۔