حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ کیلئے 150 کروڑ روپے کی منظوری

   

فیز۔2کے کاموں اور توسیع کیلئے فنڈز جاری، شمس آباد ایئرپورٹ اور اولڈ سٹی کوریڈورز میں آئے گی تیزی
حیدرآباد، 2 نومبر ]سیاست نیوز[ تلنگانہ حکومت نے حیدرآباد شہر میں بڑھتی ہوئی آبادی اور ٹریفک کے مسائل کا مستقل حل فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید موثر اور تیز تر بنانے کے لیے ایک اہم فیصلہ کیا ہے۔ حکومت نے حیدرآباد میٹرو ریل پروجیکٹ کے فیز۔2 کے ابتدائی کاموں کے لیے 150 کروڑ روپے کی منظوری کے انتظامی احکامات جاری کیے ہیں۔ اس کے علاوہ 125 کروڑ روپے قرض کے فنڈز کے تحت منظور کیے گئے ہیں۔ یہ فنڈز شہر کے صنعتی و آئی ٹی سیکٹر اور مضافاتی علاقوں کو میٹرو نیٹ ورک سے جوڑنے کے مقصد سے مختص کیے گئے ہیں۔حکومت کی جانب سے جاری کردہ ان فنڈز کے ذریعے میٹرو پروجیکٹ کے دوسرے مرحلے کی فزیبلٹی اسٹڈیز، بنیادی کاموں اور کوریڈور سروے میں تیزی آئے گی۔ خاص طور پر فیز۔2 کے تحت شمس آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، رائے درگ تا کوکاپیٹ اور تکوگوڑہ، نیز پرانے شہر میں ایم جی بی ایس تا چندرائن گٹہ سمیت دیگر مضافاتی علاقوں کو جوڑنے والی مجوزہ راہداریوں کی پیش رفت کو رفتار ملے گی۔ اس کے علاوہ 125 کروڑ روپے پروجیکٹ کے انتظامی امور کو تیز کرنے اور مالی امور کو متوازن بنانے کے لیے استعمال ہوں گے۔ ان فنڈز کے اجرا سے حیدرآباد میٹرو ریل کے کاموں کو تقویت ملے گی اور شہریوں کو زیادہ تیز اور محفوظ سفری سہولیات دستیاب ہوں گی۔i/2