ایک خاتون بہہ کر فوت۔ٹولی چوکی ودیگر علاقے جھیل میں تبدیل۔ کشائی گوڑہ کی سڑک میں شگاف ۔ ٹریفک نظام درہم برہم
حیدرآباد : شہر حیدرآباد میں چہارشنبہ کی شام نہایت موسلادھار بارش ہوئی جس کے نتیجہ میں گریٹر حیدرآباد اور اس کے اطراف و اکناف کے علاقے متاثر ہوئے۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ شہر کے مضافاتی علاقہ وقار آباد میں ایک خاتون بہہ گئی جبکہ میڈی پلی علاقہ میں مندرکی دیوار منہدم ہونے کے نتیجہ میں دو افراد ہلاک ہوگئے۔شدید بارش سے ٹولی چوکی، مانصاحب ٹینک، لکڑی کا پُل، عطا پور، پنجہ گٹہ، امیر پیٹ کے علاوہ کئی علاقے جھیل میں تبدیل ہوگئے۔ جی ایچ ایم سی کی ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ڈی آر ایف) کو چوکس کردیا گیا ۔ آج کی بارش کے نتیجہ میں نشیبی علاقوں کے گھروں میں پانی داخل ہوگیا۔ وقار آباد ٹاؤن کے شاہ پور تانڈا میں 38 سالہ خاتون انیتا بائی ایک کنٹہ میں بہہ گئی جب وہ اپنے بچوں کو تیز رفتار بارش سے بچانے کی کوشش کر رہی تھی ۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس وقار آباد مسٹر پی نارائنا نے کہا کہ انیتا بائی اپنے شوہر دشرتھ اور بچوں کے ہمراہ شاہ پور تانڈا علاقہ سے آٹو سے گزر رہی تھی کہ شدید بارش کے باعث وہ اپنے مکان جلدی پہنچنے کیلئے آٹو سے اترکر کنٹہ پار کرنے کی کوشش کر رہی تھی کہ اچانک ٹھوکر کھاکر وہ کنٹے میں گرپڑی اور بہہ گئی۔ وقار آباد پولیس نے ایک گھنٹہ کی تلاش کے بعد خاتون کی نعش کو باہر نکالا اور سرکاری اسپتال منتقل کیا۔ میڈی پلی پولیس اسٹیشن حدود میں بھی ایک واقعہ پیش آیا جس میں دو موٹر سیکل سوار 41 سالہ پراوین کمار اور 17 سالہ موہن علاقہ پیر زادی گوڑہ سے گزر رہے تھے کہ اچانک تیز رفتار بارش سے بچنے کیلئے وہاں کی مقامی ہنومان مندر کی دیوار کے قریب سہارے کیلئے کھڑے ہوگئے۔ شدید بارش کے نتیجہ میں مندر کی دیوار منہدم ہوگئی اوردونوں پر گر پڑی ۔ اس حادثہ میں پراوین کمار اور موہن برسر موقع ہلاک ہوگئے اور مقامی پولیس نے ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی مدد سے نعشوں کو ملبہ سے باہر نکالا ۔ کشائی گوڑہ کے علاقہ اے ایس راؤ نگر کی سڑک پر اچانک بڑا شگاف پڑگیا جس کی وجہ سے راہ گیروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ جی ایچ ایم سی کا اسپیشل اسکواڈ پانی کی نکاسی کیلئے کام کررہا ہے۔ کئی مقامات پر پولیس کو بھیگتے ہوئے پانی کی نکاسی کے ساتھ ٹریفک بحال کرنے کے اقدامات کرتے دیکھا گیا۔ ٹولی چوکی رومان ہوٹل اور ٹولی چوکی ریلائینس مارٹ کے علاوہ منسٹرس کوارٹرس کی سڑک، مانصاحب ٹینک، پنجہ گٹہ اور امیر پیٹ کی سڑکوں پر گھٹنوں برابر پانی جمع ہوگیا۔ عطا پور کا سارا علاقہ بالخصوص فورٹ ویو کالونی میں پانی بھر گیا اور جھیل میں تبدیل ہوگیا۔ لوگوں کو اس کالونی میں چلنے پھرنے میں کافی دشواریاں پیش آئیں۔