اننت گری پہاڑیوں کا دورہ کریں گی
حیدرآباد27فروری ( یو این آئی) تلنگانہ کے اوٹی کے نام سے مشہور وقارآباد کی اننت گری پہاڑیوں کا جلد ہی مختلف ممالک کی حسینائیں دورہ کریں گی۔ سرسبز درختوں، بلند پہاڑوں اور گہری کھائیوں سے گھری ہوئی اننت گری پہاڑیاں اپنی قدرتی خوبصورتی کے باعث دیکھنے والوں کو مسحور کر دیتی ہیں، اور ان حسیناؤں کو بھی یہ نظارہ محظوظ کرے گا۔ مئی میں حیدرآباد میں ہونے والے مس ورلڈ مقابلے کے لیے دنیا بھر سے حسینائیں یہاں پہنچیں گی۔ تلنگانہ حکومت یہاں کے سیاحتی مقامات کو عالمی سطح پر نمایاں کرنے مختلف منصوبے بنا رہی ہے ۔ حکومت اننت گری کوایکو ٹورزم (ماحولیاتی سیاحت) کے مرکز کے طور پر ترقی دینے کا عزم رکھتی ہے ۔اسی کے حصہ کے طور پر حکومت مس ورلڈ میں شرکت کرنے والی حسیناؤں، مختلف ممالک کے نمائندوں اور میڈیا کے وفود کو اننت گری پہاڑیوں کا دورہ کروانے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ وہ یہاں کی قدرتی خوبصورتی سے لطف اندوز ہو سکیں۔ مقابلے میں 140 ممالک کی حسینائیں شرکت کریں گی، اور ان کے دورہ کے مقامات آج طئے کیے جائیں گے ۔ یہ دیکھنا ہوگا کہ آیا یہ حسینائیں صرف اننت گری کی خوبصورتی کا نظارہ کریں گی، یا پھرمس ورلڈ مقابلے کے کسی مخصوص تھیم کے تحت یہاں کوئی ایونٹ منعقد کیا جائے گا۔