حیدرآباد کے انفراسٹرکچر میں ایک اور تاریخی نشانی کا اضافہ

   

دُرگم چیرو پر بنایا گیا کیبل برج عوام کے استعمال کے لئے تیار
حیدرآباد11دسمبر(یواین آئی) حیدرآباد کے انفراسٹرکچر میں ایک اور تاریخی نشانی کا اضافہ ہوا ہے کیونکہ دُرگم چیرو پر بنایا گیا کیبل برج عوام کے استعمال کے لئے تیار ہے ۔گریٹرحیدرآباد میونسپل کارپوریشن(جی ایچ ایم سی)نے حال ہی میں اس کے تمام 53 حصوں کو مکمل کرلیا۔ 180کروڑروپئے کے صرفہ سے اس 238 میٹر طویل پُل کی تعمیر کی گئی ہے ۔اس کو عوام کے لئے کھولے جانے کے بعد جوبلی اسٹیشن تا مادھاپور فاصلہ کم ہوجائے گا۔اس سے سفر کا وقت بھی بچ جائے گا اور ٹریفک بہاؤ میں آسانی بھی ہوگی۔اس برج کا استعمال کرنے والوں کی سلامتی کے لئے خصوصی ڈیزائن والا کیش بیرئیر بھی تعمیر کیا گیا ہے ۔ہمہ رنگی روشنیوں سے اس برج کو روشن کیا جائے گا۔ جی ایچ ایم سی کے انجینئر ان چیف آر سریدھر نے آخری مرحلہ کے کاموں کا حال ہی میں معائنہ کیا تھا۔ اس برج کے ذریعہ آئی ٹی اور کارپوریٹ کمپنیوں کے ملازمین آسانی کے ساتھ اپنے کام کے مقام کو جاسکتے ہیں۔ اس برج پر خصوصی روشنی کیلئے حیدرآباد کی کمپنی نے چین کی کمپنی کے ساتھ اشتراک کیا ہے ۔ اس برج کی سلامتی اور دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔