حیدرآباد۔/6فروری، ( سیاست نیوز) حیدرآباد اور اطراف میں موسم گرما کے آغاز کے اشارے ملنے لگے ہیں۔ شہر کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافہ درج کیا گیا جس سے دن میں گرمی کی شدت محسوس کی جارہی ہے۔ شہر کے جنوبی علاقوں میں گذشتہ دو دنوں میں درجہ حرارت میں اضافہ ہوا۔ شیر لنگم پلی میں درجہ حرارت 37.7 ڈگری درج کیا گیا جو فروری میں درج گرم ترین دن 39.1 ڈگری سے صرف 2 ڈگری کم رہا۔ تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی کے مطابق کوکٹ پلی، شیخ پیٹ، یونیورسٹی آف حیدرآباد اور بالا نگر میں آٹومیٹک ویدر اسٹیشنوں میں درجہ حرارت علی الترتیب 37.6، 37.6، 36.9 اور 36.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ آصف نگر، کاروان ‘چارمینار و مہدی پٹنم، جوبلی ہلز، بنجارہ ہلز اور خیریت آباد میں منگل کو درجہ حرارت 35 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی کہ حیدرآباد میں جاریہ سال موسم گرما سخت رہے گا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ موسم گرما کی شدت سے مانسون بھی کمزور ہوسکتا ہے۔1