حیدرآباد۔/25 اگسٹ، ( سیاست نیوز) بی جے پی کے فلور لیڈر مہیشور ریڈی نے حیڈرا کے ذریعہ اراضیات کے تحفظ کے نام پر انہدامی کارروائیوں پر سوال اٹھائے ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مہیشور ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی حیڈرا کے نام پر ہائی ڈرامہ کررہے ہیں تاکہ حقیقی مسائل سے عوام کی توجہ ہٹائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حیڈرا کی جانب سے رکن اسمبلی ڈی ناگیندر کے خلاف نندگیری ہلز میں رکاوٹ پیدا کرنے پر مقدمہ دائر کیا گیا تھا لیکن ناگیندر کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی تھی۔ مہیشور ریڈی نے کہا کہ حیڈرا کی کارروائیاں بھی جانبداری پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیڈرا کو کانگریس قائدین کی غیرمجاز تعمیرات کو بھی منہدم کرنا چاہیے۔بی جے پی فلور لیڈر نے کہا کہ چیف منسٹر کو اس بارے میں موقف کی وضاحت کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کئی وزراء اور کانگریس قائدین کے جھیلوں کے آبگیر علاقہ میں فارم ہاوز اور مکانات ہیں۔ بی جے پی لیڈر مہیشور ریڈی نے کہا کہ حیڈرا کی کارروائیاں زیادہ تر سیاسی نوعیت کی دکھائی دے رہی ہیں۔1