میں جانتا تھا خامنہ ای کہاں پناہ لئے ہوئے ہیں لیکن میں امریکی یا اسرائیلی فوج کو خامنہ ای کو مارنے کی اجازت نہیں دوں گا
واشنگٹن ۔ 28 جون (ایجنسیز) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ میں نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای کو بچایا اور انہوں نے میرا شکریہ تک ادا نہیں کیا۔ ایک بیان میں ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ میں جانتا تھا کہ ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای کہاں پناہ لیے ہوئے تھے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل یا امریکی فوج کو خامنہ ای کو مارنے کی اجازت نہیں دوں گا۔ ڈونالڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ آیت اللّٰہ خامنہ ای ایسا کیوں کہہ سکتے ہیں کہ وہ اسرائیل سے جنگ جیت گئے ہیں؟ ایرانی سپریم لیڈر جانتے ہیں کہ یہ جھوٹ ہے۔ امریکی صدر نے کہا کہ ایرانی سپریم لیڈر نے جنگ میں اپنی فتح کا دعویٰ اتنی بیوقوفی سے کیوں کیا؟ ایک ایماندار شخص کے لئے جھوٹ بولنا مناسب نہیں۔ ڈونالڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کو عالمی نظام میں واپس آنا ہوگا، ورنہ حالات ان کے لیے مزید خراب ہوں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ دنوں میں پابندیاں ہٹانے اور دیگر چیزوں پر کام کر رہا تھا، میرے اقدامات سے ایران کو مستحکم بحالی کا بہتر موقع مل سکتا تھا۔ غصے، نفرت اور بیزاری بھرے بیان نے میرا یہ کام فوراً روک دیا۔ امریکی صدر نے اپنے موقف پر قائم رہتے ہوئے کہا کہ ایران میں ایٹمی تنصیبات کو بمباری سے تباہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے معائنہ کار یا کسی دیگر قابل احترام ادارے کے اہلکار ایران کی ان نیوکلیئر تنصیبات کا معائنہ کریں جن پر پچھلے ہفتہ امریکہ نے بمباری کی تھی۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایرانی قیادت ان سے ملاقات کرنا چاہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای کے اس بیان پر جلد ردعمل دیں گے جس میں آیت اللّٰہ خامنہ ای نے کہا کہ قطر میں امریکی فوج کے اڈے پر حملہ کرکے ایران نے امریکہ کے چہرے پر تھپڑ مارا ہے۔