خانگی دواخانوں میں کورونا کا علاج عام آدمی کی پہونچ سے باہر

,

   

جنرل وارڈ کا یومیہ 25 ہزار روپئے خرچ ۔ وینٹیلیٹر آئی سی یو کا کرایہ 72550 روپئے
ادویات کا خرچ الگ ‘ عوام کیلئے حد درجہ احتیاط ہی واحد راستہ‘ سرکاری دواخانوں میں جگہ ملنا مشکل

حیدرآباد 12 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) اب جبکہ ہندوستان بھر میں کورونا وائرس انتہائی تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے اور مریضوں کی تعداد لاکھوں میں پہونچ گئی ہے خانگی دواخانوں میں اس کا علاج عام آدمی کے بس کی بات نہیں ہے ۔ ایک دن کے اخراجات بھی کسی عام آدمی کیلئے ادا کرنا ممکن نہیں ہے ۔ سرکاری دواخانوں کی حالت زار کے بارے میں پہلے ہی سب جانتے ہیں اور اب وہاں بھی مریضوں کیلئے گنجائش نہیں رہ گئی ہے ۔ ایسے میں اگر کسی کو یہ وائرس لاحق ہوتا ہے تو اس کیلئے لاکھوں روپئے خرچ کرتے ہوئے خانگی دواخانوں میں علاج کروانا پڑیگا جو ہر کسی کے بس میں نہیں ہوگا ۔ اس صورتحال میں عوام کیلئے اس وائرس سے بچنے کیلئے ممکنہ حد تک احتیاط ہی واحد راستہ ہے ۔ لاک ڈاون ختم ہوچکا ہے اور حکومتیں عملا عوام کی صحت کے معاملہ سے خود کو الگ تھلگ کرچکی ہیں ایسے میں عوام کو خود ہی اپنی صحت کے تعلق سے احتیاط برتنے کی ضرورت ہے اور خود کو اور اپنے افراد خانہ کو اس سے محفوظ رکھنے پر توجہ کرنی چاہئے ۔ دہلی کے معروف میکس ہیلت کئیر ہاسپٹل میں کورونا سے نمٹنے کیلئے جو اخراجات مقرر کئے گئے ہیں وہ عام آدمی کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہیں۔ کورونا مینجمنٹ کیلئے جنرل وارڈ کے ایک دن کے 25090 روپئے ادا کرنے ہونگے جبکہ شئیرنگ روم کے 27190 روپئے دینے ہونگے ۔ جنرل وارڈ آئیسولیشن کیلئے 30450 روپئے یومیہ ہیں جبکہ وینٹیلیٹر کے بغیر آئی سی یو کے 53050 روپئے ایک دن کا خرچ ہے ۔ وینٹیلیٹر کے ساتھ آئی سی یو کے اخراجات 72550 روپئے مقرر کئے گئے ہیں۔ ان چارجس میں کوئی ادویات شامل نہیں ہیں ۔ جو ادویات فی یونٹ 75 روپئے ایم آر پی کی ہونگی ان پر اضافی چارج بھی ہوگا ۔ ان اخراجات میں کورونا ٹسٹ ‘ دوسرے معائنے وغیرہ شامل نہیں ہیں۔ ان اخراجات میں ایمبولنس چارج شامل نہیں ہے ۔ یہ دواخانہ کی شرح کے مطابق علیحدہ خرچ ہوگا ۔ دوسرے جزویات کے اخراجات بھی دواخانہ کے طئے شدہ شرح میں ادا کرنے ہونگے اور ان اخراجات میں شامل نہیں ہیں۔ اس کے علاوہ پی پی ای کٹس کی قیمتیں 3900 روپئے سے 7900 روپئے تک ہیں۔ سنٹرل لائین انسرشن کی قیمتیں 2550 روپئے سے 3700 روپئے تک ہیں۔ ایم آر آئی کی قیمت 12,000 روپئے ہوگی ۔ پی ای ٹی اسکان کی قیمت 27,500 روپئے ہوگی ۔ سی ٹی اسکان 9,000 روپئے میں کیا جائیگا ۔ دوسرے علاج کی بھی قیمتیں اس چارٹ میں درج کی گئی ہیں جو ہندوستان کے کروڑوں عام انسانوں کی پہونچ سے باہر ہیں۔