حیدرآباد۔27اکٹوبر(سیاست نیوز) محکمہ آبرسانی کے عہدیدارو ں اور ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے محکمہ آبرسانی کے عہدیداروں نے خانگی فینانس کمپنیوں کی طرح اپنے صارفین کو ہراساں کرنے کی نئی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے انہیں پریشان کرنا شروع کردیا ہے اور الوال میں آبرسانی بلوں کی عدم ادائیگی کی صورت میں سیوریج کنکشن میں رکاوٹ پیدا کرتے ہوئے صارفین کو تکالیف دی جانے لگی ہیں اور استفسار پر کہا جا رہاہے کہ جس طرح سے برقی بلوں کی عدم ادائیگی پر برقی کنکشن منقطع کیا جاتا ہے اسی طرح سے آبرسانی بلوں کی عدم ادائیگی پر سیوریج کنکشن کو منقطع کیا جا رہاہے۔ بتایاجاتا ہے کہ الوال کے علاقہ میں رہائشی اپارٹمنٹس سے وصول طلب بقایاجات کے لئے محکمہ آبرسانی کے عہدیداروں کی جانب سے نوٹس کی اجرائی عمل میں لائی گئی اور ان نوٹسوں کی اجرائی عمل میں لائے جانے کے بعد صارفین نے عہدیداروں سے مشاورت کے بعد دو ماہ میں دو علحدہ علحدہ اقساط میں بلوں کی ادائیگی کا فیصلہ کیا جسے عہدیداروں کی جانب سے منظوری بھی دے دی گئی لیکن اس کے باوجود روزانہ کے اساس پر محکمہ آبرسانی کے عہدیدار ان اپارٹمنٹس کو پہنچ کر بلوں کی ادائیگی کے لئے دباؤ ڈال رہے ہیں اور بل ادا نہ کرنے کی صورت میں سیوریج کنکشن میں رکاروٹ پیدا کی جانے لگی ہے جو کہ شہریوں کے مطابق غیر قانونی ہے۔ مقامی عوام نے محکمہ آبرسانی کے عہدیدارو ںکی جانب سے کی جانے والی ہراسانی کو خانگی فینانس کمپنیوں اور موبائیل ایپ سے حاصل کئے جانے والے قرض کے لئے کی جانے والی ہراسانی کے مماثل قرار دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ کے اعلیٰ عہدیداروں کی جانب سے 2ماہ کی مہلت فراہم کئے جانے کے باوجود محکمہ کے ملازمین شہریوں کو روزانہ پہنچ کر ہراساں کر رہے ہیں۔ عوام کی جانب سے استفسار پر یہ کہاجا رہاہے کہ بلوں کی عدم ادائیگی کے سبب ان کی تنخواہیں جاری نہیں کی جار ہی ہیں جس کے سبب وہ روزانہ بلوں کی وصولی کے لئے چکر لگانے پر مجبور ہیں۔ محکمہ آبرسانی کے عہدیداروں نے بتایا کہ محکمہ برقی کی جانب سے بلوں کی عدم ادائیگی کی صورت میں فوری طور پر برقی کنکشن منقطع کیا جاتا ہے اسی طرح محکمہ آبرسانی نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر کوئی بل ادا نہیں کرتا ہے تو اس کا سیوریج کنکشن منقطع کیا جائے۔ الوال کے مکینوں کا الزام ہے کہ محکمہ آبرسانی کے ملازمین نے پہلے انہیں آدھار سے میٹر کو مربوط کرنے کے لئے ہراساں کیا اور بعد ازاں غیر کارکرد میٹروں کی تبدیلی کے نام پر ہراساں کیا جاتا رہا اور اب بلوں کے بقایاجات کے نام پر ہراساں کرتے ہوئے ان کے سیوریج کنکشن منقطع کئے جارہے ہیں جو کہ غیر قانونی ہے۔م