کویت سٹی: خلیج تعاون کونسل نے اپنے 46 ویں وزارتی اجلاس میں اس امر پر زور دیا ہے کہ شام کو معاشی طور پر مضبوط کرنے کیلئے اس پر عائد کردہ بین الاقوامی پابندیاں ختم کی جائیں۔تعاون کونسل کا غیر معمولی وزارتی اجلاس جمعرات کی رات اختتام کو پہنچا تھا۔ اجلاس میں وزرائے خارجہ نے خطے کی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ کونسل نے شام کی مدد کیلئے انسانی بنیادوں پر جاری امدادی سرگرمیوں کو پورا کرنے پر بھی زور دیا ہے۔خیال رہے خلیج تعاون کونسل کا یہ اجلاس کویت میں منعقد کیا گیا ہے۔ اجلاس میں قرار دیا گیا کہ شام کی سلامتی اور استحکام خطے کی سلامتی کیلئے انتہائی اہم ہے بلکہ ستون کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس موقع پر شام میں غیر ملکی مداخلت کو مسترد کیا گیا۔خلیجی تعاون کونسل نے شام پر اسرائیلی بمباری کی بھی مذمت کی ہے۔ نیز اسرائیل کی طرف سے گولان کی پہاڑیوں کے ساتھ اسرائیلی پیش قدمی اور بفر زون پر اسرائیلی فوج کی پوزیشنوں کے قیام کی بھی مذمت کی گئی۔لبنان کے حوالے سے تعاون کونسل نے کہا لبنان کی سلامتی اور اس کے علاقائی استحکام کی بھر پور حمایت کرتے ہیں۔ اجلاس مین لبنان کیلئے معاشی و سیاسی اصلاحات پر زور دیا گیا۔ تاکہ لبنان کو دہشت گردی کا گڑھ بننے سے بچایا جا سکے۔ نیز منشیات کی سمگلنگ روکنے کیلئے بھی اقدامات پر زور دیا گیا۔خلیج تعاون کونسل کے وزارتی اجلاس میں غزہ میں جاری اسرائیلی جنگ میں غزہ کے عوام کیلئے عرب ملکوں کی حمایت کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت کی گئی۔ اجلاس کے دوران تعاون کونسل نے غزہ میں جنگ بندی کیلئے مصر اور قطر کی کوششوں کی کامیابی کیلئے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔نیز جامع اور پائیدار فوری جنگ بندی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
جبکہ غزہ میں انسانی بنیادوں پر بلا تعطل امدادی سامان کی فراہمی کیلئے غیر مشروط طور پررفح سمیت تمام راہداریاں کھولنے پر بھی زور دیا۔