خواتین پر مظالم کے مقدامات کی اندرون 21 یوم یکسوئی، اے پی کابینہ میں مسودہ قانون منظور

   

امراوتی۔/11 ڈسمبر، ( پی ٹی آئیْ) آندھرا پردیش کابینہ نے ایک قانون سازی کے مسودہ کو آج منظوری دے دی جس کے تحت خواتین پر مظالم کے مقدمات کی اندرون 21 یوم یکسوئی اور سنگین جرائم میں ملوث افراد کو سزائے موت دینے کی گنجائش فراہم کی گئی ہے۔پڑوسی ریاست تلنگانہ میں ایک خاتون ویٹرنیری ڈاکٹر کی اجتماعی عصمت ریزی اور بہیمانہ قتل کی یاد میں آندھرا پردیش فوجداری قانون میں ترمیم کو ’اے پی دشا ایکٹ ‘ سے موسوم کیا گیا ہے۔ایک اور قانون سازی کا مسودہ منظور کیا گیا جس کے ذریعہ خواتین اور بچوں پر ظلم کرنے والوں کے خلاف مقدمات کی سماعت کیلئے خصوصی عدالتوں کے قیام کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔باور کیا جاتا ہے کہ یہ دونوں مسودہ قانون ریاستی مقننہ کے رواں سرمائی اجلاس میں پیش کئے جائیں گے۔ اے پی دشا ایکٹ کے تحت عصمت ریزی کے مجرمین کو سزائے موت دینے کی تجویز رکھی گئی ہے۔