لکھنؤ۔ 20 اپریل (یو این آئی) اتر پردیش حکومت نے 2027 کے اسمبلی انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے خواتین کے ریزرویشن کے معاملے پر اپنی سیاسی حکمت عملی تیز کر دی ہے ۔ اسی سلسلے میں اتر پردیش حکومت نے 30 اپریل کو قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس بلانے کی تجویز کو اتوار کی رات کیبنٹ بائی سرکولیشن کے ذریعہ منظوری دے دی۔پارلیمنٹ میں ناری شکتی وندن ترمیمی بل کے پاس نہ ہو پانے کے بعد اس معاملے پر سیاست تیز ہوگئی ہے ۔ اپوزیشن جہاں بل کی خامیوں کو گنوا کر اپنے احتجاج کو درست قرار دے رہی ہے ، وہیں بھارتیہ جنتا پارٹی اس معاملے پر اپوزیشن پر حملہ آور ہے اور اسے انتخابی حکمت عملی کا اہم حصہ بنا رہی ہے ۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ پہلے ہی اس معاملہ میں اپوزیشن پر سخت تنقید کرچکے ہیں۔ انہوں نے پریس کانفرنس میں اپوزیشن کے رویے کا موازنہ ’دروپدی چیر ہرن‘ سے کرتے ہوئے اسے خواتین کے احترام اور جمہوریت کیلئے افسوسناک قرار دیا تھا۔سرکاری ذرائع کے مطابق، 30 اپریل کو ہونے والے اس خصوصی اجلاس میں حکومت خواتین کے ریزرویشن پر اپنی پوزیشن واضح کرے گی اور اپوزیشن کے رویے پر اسے گھیرنے کی حکمت عملی اپنائے گی۔ اجلاس کے دوران اپوزیشن کے خلاف مذمتی قرارداد لانے کی بھی بحث ہے ۔E/F