دانتوں کی عدم صفائی سے نظر میں دھندلاہٹ اور امراض قلب

   

حیدرآباد ۔ 30 ڈسمبر ( سیاست نیوز) شہر کے ایک نوجوان ڈاکٹر کے قلب کی ایک نالی میں خرابی کے سبب مدھم ہونے والی آنکھوں کی بینائی جیسے عجیب و غریب مرض کا کامیابی کے ساتھ علاج کیا گیا ۔ اس مریض کا علاج کرنے والے ماہرین قلب کی شریانوں کے اس عارضہ کو داتنوں کی غیر صحتمندی سے مربوط کیا ہے اور کہا ہے کہ دانتوں کو صاف و صحتمند نہ رکھنے سے انسان کا قلب کس طرح عجیب و غریب عارضوں کا شکار ہوتا ہے ۔ شہر کے 23سالہ ڈاکٹر لوکیندر ناتھ کو ان کے قلب کی شریانوں کے معمول کے مطابق نہ ہونے پر ماہر امراض قلب سے رجوع ہونے کیلئے کہا گیا تھا ، جس سے پتہ چلا کہ دانتو ں کی عدم صفائی کے سبب بھی قلب کے عارضہ ہوتے ہیں اور ان کی وجہ آنکھوں کی بینائی مدھم ہوسکتی ہے اور متاثر شخص کو ہر شئے دھندلی نظر آتی ہے ۔ ایشین ہارٹ انسٹی ٹیوٹ کے ماہر امراض قلب ڈاکٹر رماکانت پانڈا نے کہا کہ قلب کی نالیوں میں ہونے والے نقائص سے دانت ، ناک ، پیشاب ، تھوک و بلغم کے عارضہ عام ہیں ۔ چنانچہ عوام کو اپنے دانت صاف رکھنا چاہیئے لیکن ایشین ہارٹ انسٹی ٹیوٹ کے ڈاکٹر سنیل ونجارا نے کہا کہ ’’ دانت کی عدم صفائی بذات خود کوئی عارضہ پیدا نہیں کرتی لیکن قلب میں اگر کوئی عمل معمول کے برخلاف ہو تو ایسے افراد کے مختلف عارضوں میں مبتلا ہونے کا اندیشہ رہتا ہے ‘‘ ۔