دبئی: رواں سال جولائی میں ایشیا کے امیر ترین شخص ہندوستان کے مکیش امبانی کے بیٹے اننت کی مہنگی اور پر تعیش انداز کی شادی لوگوں کے ذہنوں میں موجود ہے۔ اننت امبانی کی شادی کو “ویڈنگ آف دی سنچری” کا نام دیا گیا۔ اس میں دنیا بھر سے مختلف شعبوں کی مشہور ترین شخصیات اور عالمی سربراہان اور رہنماؤں نے بھی شرکت کی تھی۔اس شادی پر خرچ ہونے والی رقم کا تخمینہ 60 کروڑ ڈالر لگایا گیا ہے۔اننت امبانی اور ان کی اہلیہ رادھیکا مرچنٹ ایک بار پھر نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا بھر میں سوشل میڈیا ٹاپ ٹرینڈ بن گئے ہیں۔ تاہم اس مرتبہ کسی عظیم الشان تقریب کے سبب نہیں بلکہ اس کی وجہ “ترکی آئس کریم” ہے۔جی ہاں ہندوستانی ارب پتی مکیش امبانی کے بیٹے اننت نے دبئی میں واقع گلوبل ولیج کا دورہ کیا۔ وہاں گھومتے پھرتے جوڑے کی کئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر پھیل گئیں۔ بالخصوص “ترکی آئس کریم” کے اسٹال پر موجودگی کی ویڈیو وسیع پیمانے پر وائرل ہو رہی ہے۔ٹاپ ٹرینڈ بننے والے وڈیو کلپ میں ترکی آئس کریم فروخت کرنے والے کے پاس کھڑے نظر آ رہے ہیں۔ رادھیکا نے آئس کریم طلب کی تو اسٹال والے نے مسکرا کر ان کے آرڈر کو قبول کیا۔ اس کے بعد بڑی دلچسپ صورتحال پیش آئی جس سے وہاں موجود لوگ اور خود رادھیکا اور ان کے شوہر اننت بھرپور طور پر لطف اندوز ہوئے۔