دراندازوں کو ٹرانسپورٹ فراہم کرنے پر سعودی شہری گرفتار

   

ریاض : عسیر ریجن کے پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کرکے مملکت میں داخل ہونے والے 17 غیرملکیوں کوحراست میں لے لیا گیا ہے۔سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ریجنل پولیس ترجمان نے مزید بتایا کہ دراندازوں کونقل وحمل کی سہولت فراہم کرنے کے الزام میں ایک سعودی شہری کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔دراندازوں میں یمنی، صومالی اور ایتھوپین باشندے شامل ہیں جومملکت کی سرحد غیرقانونی طورپرعبور کر کے سعودی عرب میں داخل ہوئے تھے۔گرفتار کیے جانے والے تمام دراندازوں کومتعلقہ ادارے کے حوالے کر دیا گیا جہاں ان کے بارے میں تفتیش مکمل کرنے کے بعد انہیں ڈیپوٹیشن سنٹرمیں بھیجا جائے گا۔