حیدرآباد۔31مارچ(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں درجۂ حرارت تیزی سے بڑھتا جا رہاہے اور محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ آئندہ ایک ہفتہ کے دوران درجۂ حرارت 40 ڈگری تک پہنچ جائے گا۔ ماہ مارچ کی ابتداء میں ریاست کا درجہ حرارت 32تا35 ڈگری تھا لیکن رات کے اوقات میں گرمی کی شدت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی جا رہی تھی لیکن اب رات کے وقت بھی گرمی کی شدت میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ ماہ مارچ کے آخری ہفتہ کے دوران شہر حیدرآباد میں درجہ ٔ حرارت 34ڈگری سے 37.2 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ رات کے اوقات میں درجہ حرارت 25سے 27ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا جانے لگا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ ماہرین موسمیات کی جانب سے کی گئی پیش قیاسی کے مطابق شہر کے درجہ حرارت میں آئندہ ہفتہ کے دوران اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا۔