کلکٹریٹ خالی کرادیا گیا‘ درگاہ میں زائرین کا داخلہ بند، سخت سیکوریٹی
اجمیر۔4؍ڈسمبر ( ایجنسیز ) اجمیر میں آج دوپہر اس وقت افراتفری مچ گئی جب ضلع کلیکٹریٹ اور اجمیر شریف درگاہدونوں جگہ بیک وقت بم ہونے کا ای میل ملا۔ ای میل ایک غیر تصدیق شدہ اکاؤنٹ سے آیا تھا لیکن مقام کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ فوراً الرٹ ہوگئی۔ کلکٹریٹ کے احاطے کو خالی کرایا گیا وہیں حضرت خواجہ معین الدین چشتی رحمتہ اللہ علیہ میں زائرین کا داخلہ روک دیا گیا۔ چند ہی منٹوں میں بم ڈسپوزل اسکواڈ، ڈاگ اسکواڈ، کئی تھانوں کے افسران اور بھاری پولیس فورس موقع پر پہنچ گئی۔ 17 دسمبر کو درگاہ میں عرس کی پرچم کشائی ہے ایسے میں پہلے سے بڑھی ہوئی سیکورٹی مزید سخت کر دی گئی۔درگاہ کے احاطے کو خالی کرا کر بی ڈی ایس ٹیم نے سرچ آپریشن شروع کیا۔ بڑی تعداد میں لوگوں کو باہر روک دیا گیا اور سخت ناکہ بندی کے درمیان درگاہ کے ہر کونے کی تلاشی لی گئی۔ اجمیر کی پولیس سپرنٹنڈنٹ وندیتا رانا نے بتایا کہ ای میل ایک غیر تصدیق شدہ ای میل آئی ڈی سے آیا ہے۔ اس میں براہِ راست کوئی دھمکی نہیں دی گئی لیکن اتنا ضرور کہا گیا ہے کہ یہاں کچھ کیا جا سکتا ہے۔ اسی لیے احتیاط کے طور پر پورا سیکورٹی پروٹوکول فالو کیا جا رہا ہے۔ ایس پی رانا نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ روز جئے پور کلکٹریٹ کو بھی ایسا ہی ای میل ملا تھا جہاں ایجنسیوں نے پوری مستعدی کے ساتھ ڈرل اور چیکنگ کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ڈرل بھی ہو سکتی ہے شرارت بھی یا پھر کوئی حقیقی خطرہ بھی۔ اس لیے ای میل کس کا ہے، کہاں سے بھیجا گیا ہے اور اس کا مقصد کیا ہے، ہر پہلو سے جانچ کی جا رہی ہے۔