حیدرآباد ۔20۔ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں کانگریس ارکان نے بی آر ایس ارکان پر دلت طبقہ سے تعلق رکھنے والے اسپیکر پرساد کمار کی توہین کا الزام عائد کرتے ہوئے قصوروار ارکان کی رکنیت منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔ اسمبلی کی کارروائی کے دوران بی آر ایس ارکان نے اسپیکر کے پوڈیم کے قریب احتجاج کرتے ہوئے ایجنڈہ کی کارروائی اور دیگر کاغذات کو پھاڑ کر اسپیکر کی طرف پھینک دیا۔ مارشلس نے فوری حرکت میں آتے ہوئے کاغذات کو اسپیکر تک پہنچنے نہیں دیا۔ اپوزیشن کے اس اقدام پر برسر اقتدار پارٹی کے ارکان نے سخت برہمی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے دلت اسپیکر کی توہین کا الزام عائد کرتے ہوئے نعرہ بازی کی اور بی آر ایس ارکان کی رکنیت کالعدم کرنے کا مطالبہ کیا۔ کانگریس ارکان نے کہا کہ اسپیکر کی جانب کاغذات پھینکنا عہدہ کی توہین ہے۔ دلت طبقہ سے تعلق رکھنے والے اسپیکر کے ساتھ اپوزیشن کی گفتگو پر کانگریس نے اعتراض جتایا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ بی آر ایس دور حکومت میں کانگریس کے سمپت کمار نے اسپیکر کی جانب کاغذات پھینکے تھے اور انہیں اسمبلی سے معطل کردیا گیا۔ کانگریس ارکان اسمبلی نے اسپیکر سے ملاقات کرتے ہوئے کاغذات پھینکنے والے ارکان کی نشاندہی کرتے ہوئے کارروائی کی اپیل کی۔ بی آر ایس ارکان کے ٹی آر کے خلاف فارمولہ ای ریسنگ مقدمہ پر احتجاج کر رہے تھے۔ 1