دنیا میں پہلی بار ماں کے پیٹ میں بچے کے دماغ کی کامیاب سرجری

   

نیویارک : دنیا میں پہلی مرتبہ امریکی ڈاکٹروں نے ماں کے پیٹ میں موجود بچے کے دماغ کا کامیاب آپریشن کردیا۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق بچے کے دماغ کے اندر خون کی شریانوں میں خرابی تھی جس کے لیے علاج کیا گیا۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق بچی اپنی ماں کی کوکھ میں معمول کے مطابق بڑھ رہی تھی جبکہ 30 ویں ہفتہ میں معمول کے الٹرا ساؤنڈ پر ڈاکٹروں نے دریافت کیا کہ اس کے دماغ کے اندر خون کی نالیوں میں خرابی ہے۔ رپورٹس کے مطابق 17 مارچ کو خاتون نے بچی کو آپریشن کے بعد 34 ویں ہفتہ میں جنم دیا جس کا وزن 4 پونڈ اور 1 اونس تھا اور وہ بالکل صحت یاب ہے اور اس کا نام ڈینور کولمین رکھا گیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق ڈاکٹروں نے یہ آپریشن مارچ میں کیا تھا جس کی تفصیلات اب شائع کی گئی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق اس بیماری سے متعلق بتایا گیا ہے کہ یہ حالت اس وقت ہوتی ہے جب خون کی نالی جو دماغ سے دل تک خون لے جاتی ہے صحیح طریقہ سے نشوونما نہ پائے اور اس خرابی کے نتیجے میں خون کی بہت زیادہ مقدار رگوں اور دل پر دباؤ ڈالتی ہے اور صحت کے مسائل کا سبب بن سکتی ہے۔