دوباک ضمنی انتخابات، مختلف منڈلوں میں اتم کمار ریڈی کی مہم

,

   

ٹی آر ایس حکومت کو سبق سکھانا ضروری، کانگریس کو عوام کی تائید کا یقین
حیدرآباد۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے دوباک حلقے کے ضمنی چنائو کے سلسلہ میں آج رائے پور، دولت آباد اور دیگر منڈلوں میں انتخابی مہم میںحصہ لیا۔ پارٹی امیدوار سی ایچ سرینواس ریڈی کے علاوہ ایم پی کے وینکٹ ریڈی اور رکن کونسل جیون ریڈی شریک تھے۔ کانگریس قائدین کو عوام کی غیر معمولی تائید حاصل ہوئی اور جلسوں میں جوش و خروش دیکھا گیا۔ اتم کمار نے عوام سے اپیل کی کہ کے سی آر حکومت کو سبق سکھانے کانگریس کو ووٹ دیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 6 برسوں میں انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکام حکومت کو سبق سکھانے کا یہ بہترین موقع ہے۔ مرکزی اور ریاستی حکومتوں نے کسانوں کے مفادات کو نقصان پہنچایا اور کارپوریٹ اداروں کی مدد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس دولت اور اقتدار کے بل پر کامیابی حاصل کرنا چاہتی ہے جبکہ کانگریس کو عوام پر بھروسہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی امیدوار سرینواس ریڈی طویل عوامی خدمات کا ریکارڈ رکھتے ہیں۔ ان کے والد آنجہانی متیم ریڈی نے ضلع کی ترقی کیلئے کام کیا تھا۔ وینکٹ ریڈی نے عوام سے کانگریس کی تائید کی اپیل کی اور کہا کہ بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں میں ملوث ٹی آر ایس حکومت کا صفایا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس برسر اقتدار آئے گی اور ٹی آر ایس حکومت کے تمام مخالف عوام فیصلوں کو منسوخ کردے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ایل آر ایس اسکیم کا بائیکاٹ کرنا چاہئے۔ کانگریس برسر اقتدار آنے پر مفت میں مکانات اور اراضیات کو ریگولرائز کیا جائیگا۔ اسی دوران سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر اور سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت رائو نے مختلف منڈلوں میں عوام سے ملاقات کی۔ ہنمنت رائو نے پیداگوڑیم موضع میں کسانوں و مزدوروں سے ملاقات کی۔ انہوں نے عوام سے عہد لیا کہ کانگریس کی تائید کریں گے۔