حیدرآباد ۔ دوباک حلقہ اسمبلی کیلئے بی جے پی امیدوار ایم رگھونندن راؤکو تلنگانہ ہائی کورٹ نے راحت فراہم کرتے ہوئے پولیس کو ان کے خلاف کسی قسم کی کاروائی نہ کرنے اور انہیں عصمت ریزی کے مقدمہ میں گرفتار نہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ایم رگھونندن راؤ نے عدالت سے رجوع ہوتے ہوئے ان کے خلاف درج عصمت ریزی کے مقدمہ کو خارج کرنے کی درخواست کی تھی اور کہا تھا کہ ان پر یہ جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا ہے اور اب ضمنی انتخابات کے دوران ان کے خلاف کاروائی کئے جانے کا شبہ ہے۔ فروری میں ایک 47سالہ خاتون نے پولیس میں شکایت درج کرائی تھی کہ رگھونندن راؤ نے ان کی عصمت ریزی کی ہے۔بی جے پی نے دوباک حلقہ اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں سال 2019 میں بھی مقابلہ کرنے والے ایڈوکیٹ ایم رگھونندن راؤکو ہی اپنا امیدوار بنانے کا اعلان کیا ہے۔