دودھ کی بقایہ رقم کیلئے فائرنگ، 3 افراد ہلاک

   

پٹنہ : بہار کے دارالحکومت پٹنہ کے فتوحہ تھانہ علاقہ کے سورگا گاؤں میں کل دیر رات دودھ کے بقایہ کے مطالبے کو لے کر معمولی تنازعہ پر دو گروپوں کے درمیان زبردست فائرنگ ہوئی۔ فائرنگ کے واقعے میں گولی لگنے سے 3 افراد ہلاک جبکہ ایک نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔ فوری طور پر تمام شدید زخمیوں کو علاج کے لیے فتوحہ پی ایچ سی میں داخل کرایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے علاج کے دوران تین افراد کو مردہ قرار دے دیا۔شدید زخمی نوجوان کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد بہتر علاج کے لیے پی ایم سی ایچ ریفر کر دیا گیا۔فائرنگ میں تین افراد کی موت کی اطلاع ملتے ہی فتوحہ ڈی ایس پی سمیت مختلف تھانوں کی پولیس موقع پر پہنچ گئی، تینوں نعشوں کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے نالندہ میڈیکل کالج بھیج دیا۔ ہلاک شدگان کی شناخت 50 سالہ جئے سنگھ، 40 سالہ شیلیش کمار اور 35 سالہ پردیپ کمار کے طور پر ہوئی ہے جو سورگا پار گاؤں کے رہنے والے ہیں۔ زخمی نوجوان کی شناخت 22 سالہ منٹس کمار کے طور پر ہوئی ہے۔ دودھ کے بقایہ کا مطالبہ کرنے پر دونوں طرف کے لوگ آپس میں لڑ پڑے اور جلد ہی دونوں فریقوں کے درمیان زبردست لڑائی اور فائرنگ شروع ہو گئی۔