روزانہ 4 جلسوں سے خطاب، حیدرآباد میں 25 نومبر کو جلسہ عام، 9 نومبر کو گجویل اور کاماریڈی سے پرچہ نامزدگی کا ادخال
حیدرآباد۔/5 نومبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بی آر ایس کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں 28 نومبر تک ریاست بھر میں ہنگامی دوروں اور ریالیوں سے خطاب کا منصوبہ بنایا ہے۔ کے سی آر 13 تا 28 نومبر ریاست کے مختلف اضلاع میں 53 ریالیوں اور عام جلسوں سے خطاب کریں گے اور روزانہ 3 ریالیوں سے خطاب کا منصوبہ ہے۔ کے سی آر نے 15 اکٹوبر کو انتخابی مہم کا آغاز کیا تھا اور دو ہفتوں میں تقریباً 30 عام جلسوں سے خطاب کو پہلے مرحلہ میں روزانہ دو اسمبلی حلقہ جات کا احاطہ کیا گیا تاہم دوسرے مرحلہ میں 13 نومبر سے روزانہ 3 اسمبلی حلقہ جات کا احاطہ کیا جائے گا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق کے سی آر کے دورہ اضلاع سے پارٹی کیڈر کے حوصلے بلند ہیں اور پارٹی کو تیسری مرتبہ کامیابی کا یقین ہے۔ چیف منسٹر کے علاوہ ریاستی وزراء کے ٹی راما راؤ اور ہریش راؤ اسٹار کیمپینرس کے طور پر مختلف اضلاع میں پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ لے رہے ہیں۔ کے سی آر نے انتخابی مہم کے آغاز سے قبل منشور جاری کیا جس میں کئی وعدے کئے گئے ہیں۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق چیف منسٹر کل 6 نومبر کو گدوال، مکتھل اور نارائن پیٹ کا دورہ کریں گے۔7 نومبر کو چنور، منتھنی، پداپلی، 8 نومبر کو سرپور، آصف آباد اور بیلم پلی میں جلسوں سے خطاب کریں گے۔ 9 نومبر کو چیف منسٹر دوپہر ایک تا 2 بجے دن گجویل اسمبلی حلقہ کیلئے پرچہ نامزدگی داخل کریں گے جبکہ 2 تا 3 بجے دن کاماریڈی پہنچ کر پرچہ نامزدگی داخل کریں گے اور جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ دوسرے مرحلہ میں 13 تا 28 نومبر بعض ایام میں کے سی آر روزانہ 4 اسمبلی حلقہ جات میں ریالیوں سے خطاب کریں گے۔ 25 نومبر کو حیدرآباد میں جلسہ عام ہوگا جبکہ آخری دن 28 نومبر کو ورنگل ایسٹ اور ویسٹ اسمبلی حلقہ جات کے علاوہ گجویل میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ دوسرے مرحلہ میں کے سی آر 54 اسمبلی حلقہ جات کا احاطہ کریں گے۔ چیف منسٹر کے شیڈول میں شہر کے اسمبلی حلقہ جات شامل نہیں ہیں۔ چیف منسٹر 23 نومبر کو مہیشورم، وقارآباد اور پٹن چیرو میں عام جلسوں سے خطاب کریں گے۔ حیدرآباد میں 25 نومبر کا جلسہ عام شہر کے تمام اسمبلی حلقہ جات کیلئے رہے گا۔