دونوں شہروں میں الکٹرک موٹر سیکلوں کی خریدی میں اضافہ

   

حیدرآباد۔9۔ڈسمبر(سیاست نیوز) دونوں شہروں میں الکٹرک موٹر سیکلوں کی خریدی کے رجحان میں اضافہ دیکھا جانے لگا ہے اور شہریوں کی الکٹرک موٹر سیکل یا بائیک کی خریدی میں دلچسپی کے نتیجہ میں شہر مختلف کمپنیوں نے اپنی موٹر سیکل و بائیک کے علاوہ اسکوٹرس کی فروخت کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے ۔ جو شہری موٹر گاڑیوں کی تجارت میں دلچسپی رکھتے ہیں انہیں مختصر سرمایہ کاری کے ساتھ اس کاروبار میں قدم رکھنے کا موقع حاصل ہورہا ہے ۔شہر ہی نہیں بلکہ تلنگانہ کے اضلاع میں بھی اب الکٹرک موٹر سیکل‘ بائیک اور اسکوٹرس کے شوروم کھلنے لگے ہیں اور الکٹرک گاڑیوں کی ابتداء کے اس دور میں ان کی مانگ کے مطابق ان کی قیمتوں کا تعین کیا جا رہاہے۔ حکومت سے الکٹرک گاڑیوں پر سبسیڈی و ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کے سبب ان گاڑیوں کی فروخت میں اضافہ ہورہا ہے ۔الکٹرک گاڑیوں کے شوروم قائم کرنے والوں کا کہناہے کہ گاڑیوں میں بعض اسکوٹرس اور بائیک کے علاوہ موپیڈکیلئے 3تا5ماہ کی بکنگ چل رہی ہے جس سے مانگ کا اندازہ ہونے لگا ہے۔