دھان کی خریدی پر 11 اپریل کو دہلی میں ٹی آر ایس کا احتجاج

   

تیاریاں مکمل، ٹی آر ایس کے 1500 عوامی منتخب نمائندے شرکت کرینگے، پی راجیشور ریڈی
حیدرآباد ۔ 9 اپریل (سیاست نیوز) دھان کی خریدی پر مرکز کی تلنگانہ سے ناانصافی کے خلاف ٹی آر ایس نے ریاست میں احتجاج کے بعد 11 اپریل کو دہلی میں احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔ دہلی کے تلنگانہ بھون میں احتجاجی دھرنا منظم کیا جارہا ہے جس کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔ ٹی آر ایس ایم پیز سنتوش کمار، رنجیت ریڈی اور رکن کونسل پی راجیشور ریڈی نے تلنگانہ بھون پہنچ کر دھرنے کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی راجیشور ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ سے مکمل دھان کی خریدی تک ٹی آر ایس مرکز کے خلاف جدوجہد کرتی رہے گی۔ تلنگانہ حکومت کسانوں کے مفادات کا مکمل تحفظ کریگی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے کسانوں نے 300 کروڑ میٹرک دھان کی کاشت کی ہے۔ مرکزی حکومت تلنگانہ کسانوں سے انتقامی کارروائی کررہی ہے۔ پنجاب اور ہریانہ سے جس طرح چاول حاصل کیا جارہا ہے اس طرح تلنگانہ سے بھی چاول خریدنے کا ٹی آر ایس مطالبہ کررہی ہے۔ اس موضوع پر تلنگانہ میں ایک ہفتہ تک دھرنے منظم کرنے کے بعد 11 اپریل کو دہلی میں دھرنا منظم کیا جارہا ہے۔ ٹی آر ایس ابھی تک دیہاتوں، منڈلوں اور اضلاع سطح پر کامیاب احتجاج منظم کرچکی ہے۔ مرکزی حکومت تلنگانہ سے دھان نہیں خریدی تو بی جے پی کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ پی راجیشور ریڈی نے کہا کہ دہلی میں منعقد ہونے والے احتجاج میں ٹی آر ایس کے 1500 منتخب عوامی نمائندے شریک ہوں گے۔ن