دھرانی پورٹل کو مزید بہتر بنانے نئے فیچرس کا اضافہ

,

   

رجسٹریشن کی تنسیخ ‘ پٹہ دار پاس بک کی درخواست داخل کرنے جیسی سہولتوں سے استفادہ ممکن

حیدرآباد۔ زرعی اراضیات کی معاملتوں کے پورٹل دھرانی میں مسلسل بہتری کا دعوی کیا جا رہا ہے ۔ ریاستی حکومت نے اس پورٹل میں اب مزید فیچرس کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ آن لائین انٹیگریٹیڈ لینڈ ریکارڈز مینجمنٹ کو بہتر بنایا جاسکے اور اسے عوام کیلئے مزید سہولت بخش بنایا جاسکے ۔ 29 اکٹوبر 2020 کو آغاز کے بعد سے دھرانی پورٹل میں وقفہ وقفہ سے کچھ فیچرس کو شامل کیا جاتا رہا ہے اور جو نئے فیچرس شامل کئے جا رہے ہیں ان میںکسی مخصوص اراضی مسئلہ پر شکایات ‘ رجسٹریشن کی تنسیخ ‘ غیر زرعی اراضی اسسٹمنٹ کی زیر التواء درخواست اور سیمی اربن لینڈ کیلئے پٹہ دار پاس بک کی اجرائی کی درخواست شامل ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ جو نئے فیچرس شامل کئے گئے ہیں ان میں لیز کیلئے درخواست کی گنجائش بھی شامل کی جانے والی ہے ۔ جب کبھی عوامی ضروریات کے مطابق نئے فیچرس کو لازمی محسوس کیا جائیگا انہیں پورٹل میں شامل کیا جائیگا ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں عوام سے رائے حاصل کرنے کے بعد فیصلہ کیا جائیگا ۔ کہا گیا ہے کہ اس پورٹل میں اب تک جملہ 30 اصل فیچرس کو شامل کیا گیا ہے جن میں سلاٹ بکنگ سے لے کر رجسٹریشن تک ‘ سلاٹ کے وقت کی تبدیلی سے اراضی کی مارکٹ ویلیو اور رجسٹرڈ دستاویزات کی تفصیلات وغیرہ بھی شامل ہیں۔ علاوہ ازیں رجسٹریشن کی تنسیخ کا آپشن بھی دیا گیا ہے جس سے خریدار سلاٹ کو ری شیڈول کرسکتے ہیں یا پھر رجسٹریشن چارجس کی واپسی کیلئے بھی درخواست داخل کرسکتے ہیں۔ ضلع کلکٹر کو 10 فیصد چارجس کی کٹوتی کرکے رقم کی واپس اجرائی کا مجاز عہدیدار قرار دیا گیا ہے ۔ پٹہ دار پاس بک برائے سیمی اربن لینڈ کا جو امکان فراہم کیا گیا ہے اس سے عوام کو شہر کے مضافاتی علاقوں میں نئی پاسک بک حاصل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ علاوہ ازیں ایک نئی پاس بک سے اراضی کے مالک کو دوسری معاملتیں کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے ۔ تاہم مالک جائیداد ریتو بندھو اور ریتو بیما اسکیمس سے استفادہ کا اہل نہیں رہے گا ۔ کسی مخصوص اراضی معاملت پر شکایات کے اندراج کا چار دن قبل آغاز کیا گیا تھا اور اب تک 200 سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔