دھنوش ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کا کردار ادا کریں گے

   

ممبئی، 22 مئی (یواین آئی) ساؤتھ کی فلموں کے سپر اسٹار دھنوش پردہ سیمیں پر سابق صدر جمہوریہ ہند ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے ۔ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کی زندگی پر ایک بائیو پک بنائی جا رہی ہے ۔ اس فلم کا اعلان حال ہی میں کانز فلم فیسٹیول 2025 میں کیا گیا ہے ۔ اس فلم کی ہدایت کاری قومی ایوارڈ یافتہ ہدایت کار اوم راؤت کریں گے۔ وہیں دھنوش اس فلم میں ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کا کردار ادا کریں گے ۔ اس فلم کی پروڈکشن ابھیشیک اگروال اور بھوشن کمار (ٹی سیریز) کررہے ہیں، اور اسکرین پلے سائیون کواڈراس نے لکھا ہے ۔ پروڈیوسر ابھیشیک اگروال نے کہاکہ ہم ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کی عظیم زندگی کو بڑے پردے پر لانے کیلئے پرجوش ہیں۔ یہ ہمارے لیے ایک جذباتی لمحہ ہے۔ میں ہندوستانی سنیما کی عظیم ہستیوں ٹی سیریز کے بھوشن جی، اوم راؤت جی اور دھنوش جی کے ساتھ کام کر کے فخرمحسوس کر رہا ہوں۔ ہمیں یہ کہانی سنانے کا اعزاز حاصل ہوا ہے اور ہم اس پروجیکٹ میں اپنا سب کچھ دے رہے ہیں۔