دھوکہ بازوں کو بینک کھاتے فراہم کرنے اور مدد کرنے پر ایک شخص گرفتار

   

حیدرآباد ۔3 ۔ فروری (سیاست نیوز) سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) کی سائبر کرائم پولیس نے دھوکہ بازوں کو بینک کھاتے فراہم کرنے اور ان کی مدد کرنے والے ایک شخص کو اترپردیش سے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 24 جنوری کو ایک خاتون نے سی سی ایس میں ایک شکایت درج کرواتے ہوئے کہا کہ وہ میکس لائیو انشورنس کمپنی کی پالیسی حاصل کی تھی اور اس کے لئے 59 ہزار روپئے آن لائین منی ٹرانسفر کے ذریعہ منتقل کئے تھے۔ 3 جنوری کو اس خاتون کو ایک فون موصول ہوا جس میں ایک شخص خود کو مذکورہ انشورنس کمپنی کا اگزیکیٹیو ظاہر کرتے ہوئے 53 ہزار روپئے آن لائین اکاونٹ کے ذریعہ حاصل کرلئے ۔ خاتون نے دھوکہ باز کی بات پر بھروسہ کر کے اس کے کھاتے میں نقد رقومات منتقل کردیئے ۔ دھوکہ باز اپنا فون بند کر کے غائب ہوگیا جس پر سائبر کرائم پولیس میں شکایت درج کرائی گئی اور ایک مقدمہ درج کیا گیا ۔ سائبر کرائم نے فون کے ذریعہ دھوکہ باز کا پتہ لگاتے ہوئے 23 سالہ ونیت سنگھ عرف گولو کو اترپردیش سے گرفتار کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ ونیت سنگھ سابق میں ماردھاڑ کے واقعات میں جیل جاچکا ہے اور اسے دہلی پولیس نے طویل عرصہ کے لئے تہاڑ جیل بھیجا تھا ۔